2025
عہُود، قُدرت، اور وعدے
اکتوبر 2025 لیحونا


”عہُود، قُدرت، اور وعدے،“ لیحونا، اکتوبر 2025۔

ماہانہ لیحونا پیغام، اکتوبر 2025

عہُود، قُدرت، اور وعدے

ہَیکل خُداوند یِسُوع مسِیح کی آمدِ ثانی سے قبل ِایمان داروں سے کِیے گئے وعدے کے مُوافق قُدرت اور مُحافظت کا مرکز ہے۔

کرٹ لینڈ ہَیکل کے سامنے کھڑے جوزف سمِتھ کی خاکہ کشی

جوزف سمِتھ کی خاکہ کشی اَز ڈین بُر

مئی 1833 میں، میرے چوتھے پَرنانا آساہیل پیری اور کُچھ دوستوں نے شُمالی نیویارک سے کرٹ لینڈ، اوہائیو کا سفر کِیا۔ وہ نئی بحال شُدہ کلِیسیا کے رُکن نہیں تھے، لیکن وہ نبی جوزف سمِتھ سے مِلنا چاہتے تھے۔ وہ کرٹ لینڈ ہَیکل کی تعمیر پر تبادلہِ خیال کرنے کے لیے مُنعقد ہونے والے پہلے اِجلاس میں شِرکت کے لیے بالکل صحیح وقت پر وہاں پُہنچے۔

اِجلاس شُروع کرنے کے بعد، نبی نے ہَیکل کی تعمیر کا منصُوبہ پیش کِیا۔ پھر اُس نے وہاں موجُودہ لوگوں سے اِتنے بڑے کام کواَنجام دینے سے مُتعلق اپنے احساسات کا اِظہار کرنے کا کہا۔ زیادہ تر نے جواب دِیا کہ کلِیسیا اِتنے بڑے کام کو اَنجام دینے کے لیے اَبھی بُہت غریب ہے۔ اُنھوں نے چھوٹی، کم مہنگی عِمارت تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی۔

گُفتگُو کے دوران، نانا پیری اور اُن کے دوست اِکٹھے بیٹھے، اپنے پیسے نِکالے، اور گِننا شُروع کِیے۔ کیا اُن کے پاس واپسی کے سفر کے لیے اور ہَیکل کی تعمیر میں حِصّہ ڈالنے کے لیے کافی رقم تھی؟ چند ِمنٹ بعد، میرے نانا جوزف سمِتھ کے پاس گئے، اور پانچ ڈالر کا سونے کا سِکّہ نِکالا، اور اِسے نبی کو پیش کر دِیا۔ (اَیسا سِکّہ آج سینکڑوں ڈالر کا ہو گا!)

جوزف مجلس کے سامنے کھڑا ہُوا اور سِکّہ اُوپر اُٹھا لِیا۔ پھر، ُپرجوش اَنداز میں بات کرتے ہُوئے، اُس نے کہا کہ ”کام شُروع ہو چُکا ہے اور (خُداوند کا) گھر خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے پیش کردہ نمُونے کے مُطابق تعمیر کِیا جائے گا۔“

پیری خاندان نے جلد ہی کرٹ لینڈ میں کلِیسیا میں شمُولیت اِختیار کی، چند سال بعد ناوُوہ ہَیکل میں اپنی ہَیکل کی برکات پائیں، اور بعد میں یُوٹاہ کی طرف میدانوں کو عبُور کِیا۔

جب 1836 میں کرٹ لینڈ ہَیکل کی تقدیس کی گئی، تو یہ اُن تمام مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے لیے بُہت چھوٹی پڑ گئی جو اِس کی تقدِیس میں شریک ہونا چاہتے تھے۔ جُوں جُوں کلِیسیا بڑھی، اُن مُقدّسِین کی تعداد بھی بڑھی جنھیں باہر سے عِبادات میں شِرکت کرنا پڑتی تھی۔ صدر جیمز ای۔ فاؤسٹ (1920−2007)، جنھوں نے میرے صدرِ سٹیک کی حیثیت سے خِدمت کی جب مَیں نوجوان تھا اور بطور میرے قائد جب 2007 میں مُجھے اعلیٰ عُہدے دار کی بُلاہٹ مِلی، کلِیسیا کی دُوسری ہَیکل سے مُتعلق یہ مُشاہدہ کِیا:

”1846 میں ناوُوہ ہَیکل کی تکمیل سے قبل مُقدّسِین، جوزف اور کلِیسیا کے دِیگر راہ نُماؤں کو سُننے کے لیے، اکثر ہَیکل کے قریب، باہر مِلتے تھے۔ بعض اوقات ہزاروں لوگ اُن عِبادات میں شریک ہوتے تھے“—حتیٰ کہ بعض اوقات خراب موسم میں بھی۔

جیسا کہ [ایلڈر] جارج اے سمِتھ نے اپنے مزاحیہ اَنداز میں بیان کِیا کہ، ’نبی جوزف کے ایّام میں … [کلِیسیا] سب سے زیادہ باہر کھُلے آسمان تلے پھلی پھُولی۔‘“

ہم شُکر گُزار ہیں کہ ہمارے زمانے میں، کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام باہر، اندر، اور دُنیا بھر میں پھل پھُول رہی ہے۔ اِس پھلنے پھُولنے میں ہَیکلوں کی بے مِثال رفتار سے تعمیر کرنا شامِل ہے ”پیش کردہ نمُونے کے مُطابق“—اَیسا نمُونہ جس میں ہمیشہ برکات، تقدِیس، اِیمان، اور قُربانی شامِل رہی ہے۔

کرٹ لینڈ ہَیکل کی خاکہ کشی

جلالی روشنی—کرٹ لینڈ ہَیکل، اَز گلین ایس ہوپ کنسن، نقل نہیں کی جا سکتی

کلِیسیا اِتنی ہَیکلیں کیوں تعمیر کر رہی ہے؟

”ہمارے پیش روؤں نے پیشین گوئی کی ہے کہ شُمالی اور جنُوبی امریکہ، بحرالکاہل کے جزائر، یورپ، اور دیگر مقامات کے مناظِر پر ہَیکلیں نُقطوں کی مانِند دَھرتی معمُور کریں گی،“ صدر عزرا ٹافٹ بینسن (1899−1994) نے کئی دہائیاں قبل یہ فرمایا۔ ”اگر یہ نجات بخش کام اُس پیمانے پر ہونا ہے جس پر اِسے ہونا چاہیے، تو سینکڑوں ہَیکلوں کی ضرُورت ہو گی۔“

صدر رسل ایم نیلسن نے فرمایا کہ ہم آج بے مِثال رفتار سے ہَیکلیں تعمیر کر رہے ہیں ”کیوں کہ خُداوند نے ہمیں اَیسا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہَیکل کی برکات پردے کے دونوں اَطراف اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ یہ برکات اَیسی اُمّت تیار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی جو دُنیا کو خُداوند کی آمدِ ثانی کے لیے تیار کرنے میں مُعاونت کرے گی!“

کرٹ لینڈ ہَیکل کی تقدِیسی دُعا میں جوزف سمِتھ نے یہ دُعا کی ”کہ تمام لوگ جو خُداوند کے گھر کی دہلیز میں داخِل ہوں تیری قُدرت کو محسُوس کر سکیں۔ …

”اور ہم تُجھ سے مانگتے ہیں، مُقدّس باپ، کہ اِس گھر سے تیرے خادِم تیری قُدرت سے ملبُوس ہو کر جائیں، اور کہ تیرا نام اُن پر ہو، اور تیرا جلال اُن کے چوگِرد ہو، اور تیرے فرِشتوں کی نِگہبانی اُن پر ہو“ (عقائد اور عہُود 13:109، 22؛ تاکید شامِل ہے؛ مزید دیکھیں آیت 23)۔

جب مَیں یہ آیات پڑھتا ہُوں، تو مَیں نِیفی کی آخِری ایّام کی رویا کی بابت سوچتا ہُوں۔ مِلتے جُلتے الفاظ پر غور کریں: ”اور ایسا ہُوا کہ مُجھ نِیفی نے خُدا کے برّہ کی قُدرت دیکھی، جو کہ خُدا کے برّہ کی کلِیسیا کے مُقدّسین، اور رُویِ زمِین پر پھیلے ہُوئے خُداوند کے موعُودہ لوگوں پر نازِل ہُوئی، جو تمام رُویِ زمِین پر پھیلے تھے؛ اور وہ راست بازی اور خُدا کی قُدرت کے بڑے جلال سے لیس تھے۔“(1 نِیفی 14:14؛ تاکید شامِل ہے)۔

میرا اِیمان ہے کہ آخِری ایّام کی ہَیکلیں نِیفی کی نبُوت کی تکمیل میں اَہم کِردار اَدا کرتی ہیں اور آمدِ ثانی سے قبل اِیمان داروں سے کِیے گئے وعدے کے مُوافق قُدرت اور مُحافظت کا مرکز ہیں۔

کئی برس پہلے، جب مَیں یُونیورسٹی کی ایک وارڈ میں بِشپ کی حیثیت سے خِدمت کر رہا تھا، تو مَیں اپنی وارڈ میں ایک نوجوان خاتُون سے خاصا مُتاثر ہُوا۔ وہ آج بھی مُجھے مُتاثر کرتی ہے۔ آپ اُنھیں صدر ایمیلی بیل فری مین، ینگ وومن کی عمُومی صدر کے طور پر جانتے ہیں۔ حال ہی میں مجلسِ عامہ کے خطاب میں، اُنھوں نے سِکھایا کہ ہَیکلوں کے وسیلے، یِسُوع مسِیح ہمیں ایک بُلند ترین رُوحانی سطح پر لے جاتا ہے۔

”ہر بار جب مَیں اُس کے گھر کی دہلیز میں داخِل ہوتی ہُوں، تو مَیں اُس کے ساتھ عہد کے زیادہ گہرے تعلق کا تجربہ کرتی ہُوں،“ صدر فری مین نے کہا۔ ”مَیں اُس کے رُوح کے ساتھ پاک صاف کی گئی ہُوں، اُس کی قُدرت سے ودیعت یافتہ ہُوں، اور اُس کی بادشاہی کی تعمیر کے لیے الگ کی گئی ہُوں۔“

وعدہ کی گئی قُدرت

صدر نیلسن نے ہَیکل کے عہُود کے وسیلے دَستیاب یِسُوع مسِیح کی قُدرت کے مُتعلق اکثر بات کی ہے۔ ”بلکہ مسِیح کے جُوئے میں جوتے جانے کا یہ مطلب ہے کہ آپ کو اُس کی قُوت اور نجات بخش قُدرت تک رسائی مُیسر ہے،“ اُنھوں نے فرمایا۔ صدر نیلسن نے مزید سِکھایا ہے:

”جب ہم اپنے ہَیکل کے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو ہمیں خُداوند کی تقویت بخش قُدرت تک زیادہ رسائی مُیسر ہوتی ہے۔ ہَیکل میں، ہم دُنیا کے تھپیڑوں سے تحفُظ پاتے ہیں۔“

”[نجات دہندہ کی] لازمی رَسُومات ہمیں مُقدّس کہانتی عہُود کے ذریعے اُس کے ساتھ باندھتی ہیں۔ پھر، جب ہم اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو وہ ہمیں اپنی شِفا، اور مضبُوط کرنے والی قُوت عطا کرتا ہے۔ اور ہاں، ہمیں آنے والے دِنوں میں کیسے اُس کی قُوت دَرکار ہو گی۔“

”ہماری اُمّت کو اِس وقت اور آنے والے دِنوں میں جس اِخلاقی اور رُوحانی قُوت کی ضرُورت ہے وہ خُدا باپ اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کی قُوت ہے۔ ہم اُن کے ساتھ عہُود باندھنے اور اُن کی پاس داری کرنے سے اُن کی قُوت تک رسائی حاصِل کرتے ہیں۔“

اِلہٰی قُدرت اَہم ہے، بھائیو اور بہنو، چُوں کہ ہم ایک نہایت بدکار دُنیا میں رہتے ہیں۔ اِس قُدرت کے بغیر، ہم ”اُس کے آنے کے دِن کی تاب نہ لا سکیں گے“ یا ”جب اُس کا ظہُور ہو گا تو کھڑے نہ رہ سکیں گے“ (ملاکی 2:3)۔ ہم نہیں جانتے کہ وہ دِن کب آئے گا، مگر اُس کے رَسُول کو پہلے ہی اُس کے آنے کے لیے راہ دُرست کرنے کے لیے بھیجا چا چُکا ہے (ملاکی 3:‏1) اِس عَرصے میں، دُنیا اُس دِن کی طرف اَمن و سُکُون سے آگے نہیں بڑھ رہی۔

ہمیں اِیمان داروں سے وعدہ کی گئی قُوت کی ضرُورت ہے تاکہ یہ ہماری مدد کرے کہ:

  • خُدا ہماری زِندگیوں پر غالِب آئے۔

  • توبہ کریں اور خُداوند کے قریب آئیں۔

  • برکت دیں، تسلّی دیں، راہ نُمائی، اور خِدمت کریں۔

  • ”اپنے اِمتحانوں، آزمایشوں، اور دُکھوں کا بہتر مُقابلہ کریں“ (دیکھیں مُضایاہ 3:‏19

  • عہد کی راہ پر چلتے ہُوئے اِطمینان اور شادمانی تلاش کریں۔

  • ”بدکاروں کی آفت“ اور ”بھسم کرنے والے دِن کے خِلاف“ تیار ہوں (عقائد اور عہُود 109:‏46

  • خُداوند کی آمدِ ثانی سے پہلے اُس کے کام کی تکمیل کریں۔

ٹُوسن ایری زونا ہَیکل

ٹٗوسن ایری زونا ہَیکل کے گُنبد کی تصویر اَز جیمز وِٹنی ینگ

نجات کے مُحافظ

آسمانی باپ کا اَمر اور جلال یہ ہے کہ ”اِنسان کی لافانی اور اَبَدی زِندگی کا سبب پَیدا کرے“ (مُوسیٰ 1:‏39)۔ ہر ہَیکل خُدا کے نجات کے منصُوبے کی مُحافظ کی حیثیت سے کھڑی ہے، جو اُس اَمر اور جلال میں مُنّجی کے مرکزی کِردار کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔

اُس کی قُوت سے مُلبس ہو کر، عہد کی پاس داری کرنے والا ہر مَرد اور عورت−شادی شُدہ یا غیر شادی شُدہ−جو وفاداری سے ہَیکل کے عہُود کو نِبھاتا ہے اِس زِندگی میں اور آنے والی زِندگی میں برکت پائے گا۔

صدر نیلسن نے وعدہ کِیا ہے: ”وہ آخرت جس کے لیے ہم میں سے ہر ایک کوشِش کرتا ہے وہ خُداوند کے گھر میں قُدرت کے ساتھ ودیعت پانا، خاندانوں کے طور پر مُہربند ہونا، ہَیکل میں باندھے جانے والے عہُود کے ساتھ وفادار رہنا ہمیں خُدا کی سب سے بڑی نعمت کے قابل بناتا ہے—جو کہ اَبَدی زِِندگی ہے۔ ہَیکل کی رُسُوم اور وہ عہُود جو آپ وہاں باندھتے ہیں وہ آپ کی زِِندگی، آپ کی شادی اور خاندان، اور مُخالف کے حملوں کے خِلاف مزاحمت کرنے کی آپ کی صلاحیت کو مضبُوط کرنے کی کُنجی ہے۔ ہَیکل میں آپ کی پرستِش اور اپنے آباؤ اَجداد کے لیے آپ کی خِدمت آپ کو ذاتی مُکاشفہ اور اِطمینان میں اِضافے کی برکت دے گی اور عہد کی راہ پر گامزن رہنے کے لیے آپ کے عزّم کو مضبُوطی عطا کرے گی۔“

خُداوند یِسُوع مسِیح کا رَسُول ہونے کے ناطے، مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یہ باتیں سچ ہیں۔