راست نِگران—یِسُوع مسِیح کے شاگِرد
نوجوان بالغِین کے لیے عالم گِیر عِبادت
4 مئی، 2025
دُنیا بھر کے عزیز دوستو، خُوش آمدید! مُجھے آپ کے درمیان موجُود ہونے کا یہ موقع مِلنے پر بےحد خُوشی ہے—تاکہ آپ کے واسطے اپنی محبّت اور اپنی اُمنگوں کو بانٹ سکُوں۔ سب سے بڑھ کر، مُجھے اُمید ہے کہ آج شام آپ ایک اَیسا تجربہ کریں گے—جس میں آپ خُدا کی محبّت محسُوس کریں اور آپ کو اُس کی بُلند ترین اُمنگوں کو پانے کی تحریک مِلے۔
ہم اِس وقت سالٹ لیک سِٹی کے ٹیمپل سکوائر میں واقع تاریخی ٹیبرنیکل میں موجُود ہیں۔ اِس عظیمُ الشان عِمارت کی تعمیر میری پیدایش سے سو سال پہلے شُروع ہُوئی تھی۔ یہ وہ دَور تھا جب یُوٹاہ کے عِلاقے میں تعمیراتی سامان بُہت مہنگا تھا، سامان لانے کے لیے کوئی ریلوے لائن موجُود نہیں تھی، اور، اگر ہوتی بھی، تو نقد رقم کی شدید کمی تھی۔ لیکن اِس شان دار ڈھانچے پر کام کرنے والے اَفراد بُہت باصلاحیت تھے اور اُنھوں نے دَستیاب وسائل کو دوبارہ اِستعمال کِیا۔ اِستعمال ہونے والی کُچھ لکڑی پہلے سے تعمیر شُدہ مکانات سے دوبارہ حاصِل کی گئی تھی۔ کِیلیں اور واشر بیلوں کے پُرانے گھِسے ہُوئے کھُروں سے بنائے گئے تھے۔ اور پلستر مضبُوطی کے لیے اِس میں جانوروں کے بال مِلائے جاتے تھے۔ ”دوبارہ اِستعمال کرنا،“ ”پھر سے اِستعمال کرنا،“ اور ”دوبارہ کارآمد بنانا“ اُن کے عام بَول چال کے اَلفاظ تھے اِس سے بُہت پہلے کہ یہ ہماری روزمرّہ زُبان کا حِصّہ بنیں۔
میرے پَرنانا–اور پڑ–پَرنانا، جو اِنگلینڈ سے ہِجرت کر کے آئے تھے، اُنھوں نے اِس ٹیبرنیکل کے بڑے دروازے بنانے پر کام کِیا تھا۔ کیا وہ کبھی تصوّر بھی کر سکتے تھے کہ اُن کی کوئی اولاد، ایک پَوتی، اِس تاریخی مقام سے خِطاب کر رہی ہو گی؟
بہنو اور بھائیو، کیا آپ اِس اَثر و رُسُوخ کو سمجھتے ہیں جو آپ ڈال سکتے ہیں؟
جس دُنیا میں ہم رہتے ہیں وہ مُشکلات سے بھری پڑی ہے۔ اور آپ خواتین و حضرات کی وہ نسل ہیں جو آج کے دِن کے لیے مخصُوص کی گئی ہے—آپ میں اِن مُشکلات کا مُقابلہ کرنے اور اِنھیں حل کرنے کے لیے قُدرتِ خُدا سے مُعاونت حاصِل کرنے کی صلاحیت، صِفات، خواہش، اور موقع موجُود ہے۔ آپ کی صلاحیت خُدا داد ہے۔
مُجھے آپ پر یقین ہے۔ نبی، رویا بِین، اور مُکاشفہ بِین آپ پر اِعتماد کا اِظہار کرتے ہیں۔ اُن کی زُبان سے نِکلا ہُوا کلام اَیسے ہی ہے جیسے خُود خُداوند نے اِرشاد فرمایا ہو۔
براہِ کرم آج کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کی کوشِش میں ہِمت نہ ہاریں۔ ہمیں آپ کی ضرُورت ہے!
مَیں سمجھتی ہُوں کہ منفی خیالات میں پھنس جانا، اور دُنیا میں مُسلسل رِپورٹ ہونے والی پریشانیوں کی زد میں آ جانا آسان ہے۔ مُسلح تصادم، مُتنازع سیاست، جَبر، قُدرتی آفات، اِنسانی مصائب—یہ سب دیکھ کر تو میری سانس تک رُک جاتی ہے۔ آپ دیرپا حل نِکالنے میں خُود کو بے بس محسُوس کر سکتے ہیں۔
پُورے اعتماد کے ساتھ، مَیں اِعلان کرتی ہُوں کہ خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے کے نتیجے میں آپ کو مُیسر خُدا کی قُوت اور طاقت سے معمُور ہو کر، آپ منفی اَثرات کا مُقابلہ کر سکتے ہیں اور تاریکی کے ہر گوشے میں نُور پھیلا سکتے ہیں۔
”[ہم] دُنیا کے نُور ہیں،“ نجات دہندہ نے اِعلان فرمایا۔ اور ”نُور سے نُور مِلتا ہے۔“ یِسُوع مسِیح میں ہماری شاگِردی کے نُور کو چمکنے دینا قابلِ تجدید توانائی کی حتمی شکل ہے—اَیسی توانائی جو ایک اَیسے منبع سے آتی ہے جو مُسلسل بھرتا رہتا ہے۔ مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ دُوسروں تک اُس کی راحت اور نُور پُہنچانے میں، ہم خُود اُس میں اپنی راحت پاتے ہیں۔
لہٰذا اپنے گھر، اپنی برادری، اور اپنی آن لائن موجُودگی میں صُلح کرانے والے بنیں۔ اپنے قُرب و جَوار میں دُکھ دَرد کو کم کریں۔
شیطان کا مقصد یہ ہے کہ ہم دُوسروں کے زیرِ اَثر رہیں۔ اِس کے بَرعکس، باپ کا خُوشی کا منصُوبہ ہمیں عمل کرنے، بھلائی، اِطمینان، اور اُمید کے نُمایندے بننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ہم ترقی بخش، اُمید اَفزا، اور دُرست معلُومات بیان کر کے گُمراہ کُن معلُومات کا مُقابلہ کر سکتے ہیں—محض معلُومات کے صارف بننے کی بجائے سچّائی کے وکِیل بن سکتے ہیں۔ ہم یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا نُور اور خُوشی کی بشارت کو دُنیا میں عام کر کے منفی اَثرات کا جواب دے سکتے ہیں۔
ہمارے پیارے نبی صدر رسل ایم نیلسن نے ہمیں سِکھایا ہے کہ، ”جواب سدا یِسُوع مسِیح ہے۔“ ”آپ کے جو بھی سوال یا مسائل ہیں، اُن کا جواب ہمیشہ یِسُوع مسِیح کی حیاتِ صالح اور تعلیمات میں مِلے گا۔“
صدر نیلسن نے ہمیں دعوت دی ہے کہ ہم اُس کی شاگِردی کو اپنی ”اَوّلین ترجِیح“ بنائیں۔ جب ہم یِسُوع مسِیح سے سیکھتے ہیں اور اُن کی بابت جانتے ہیں تو ہم اپنی شاگِردی کو گہرا کرتے ہیں۔ تو آئیے ہم نجات دہندہ کی تعلیمات کو دریافت کریں۔
متّی کے باب 25 میں تین تمثیلیں ہیں، یہ آخِری تمثیلیں ہیں جو متّی نے قلم بند کِیں جو شافی نے فانی خِدمت کے دوران سِکھائیں۔ اپنے حالیہ مجلسِ عامہ کے خِطاب کو تیار کرتے ہُوئے، اور اِس عِبادت کی تیاری میں، رُوح نے مُجھے اِن کہانیوں کی طرف لوٹنے اور اُن سے سیکھنے کی ترغیب دی۔
ہمارے مقاصِد کے لیے، مَیں اِن تمثیلوں کی تیاری اور نِگرانی کے پہلوؤں پر زور دینا چاہتی ہُوں۔ صدر نیلسن نے ہمیں دعوت دی ہے کہ ”اَب … وقت ہے … یِسُوع مسِیح کی آمدِ ثانی کی تیاری کرنے کا۔“ نِگرانی ایک مُحتاط اور ذِمہ دارانہ اِنتظام ہے جو کسی چیز کی دیکھ بھال کے لیے کسی شخص کے سُپرد کی جاتی ہے۔ اپنی نِگرانی کی کاوِشوں میں، ہم یِسُوع مسِیح کی تقلید کرتے ہیں۔ تو تیاری اور نِگرانی کے اِن اَسباق کو غور سے سُنیں جو ہم اِن کہانیوں سے اَخذ کر سکتے ہیں۔
پہلی، دس کُنوارِیوں کی تمثیل—پانچ جو عقلمند تھیں اور پانچ جنھیں بے وقُوف کہا گیا۔
تمثیل میں، تمام دس کُنوارِیاں صحیح جگہ پر، دُولہا کا اِنتظار کر رہی تھیں۔ اُن میں سے ہر ایک اپنی مشعلیں ساتھ لے کر آئی۔ یہ تو بالکل آپ سب کی طرح ہیں۔ آپ یہاں ہیں، اپنے اِیمان کی مشق کر رہے اور اپنی گواہی کی تعمیر کر رہے ہیں۔
جب دُولہا—جو نجات دہندہ کی نُمایندگی کرتا ہے—غیر متوقع طور پر آدھی رات کے وقت آ گیا، تو پانچ کُنوارِیوں کے پاس اپنی مشعلوں کے لیے کافی تیل نہیں تھا۔ شاید اُنھوں نے نہ سوچا کہ اِضافی تیل رکھنا اَہم یا ضرُوری تھا۔ یا پھر وہ اپنے پاس موجُود تیل کے مُعاملے میں سمجھ دار نِگران ثابت نہ ہُوئیں۔ شاید کسی اور طرف متوجہ ہونے کی وجہ سے، وہ اپنی مشعلوں کو جلائے رکھنے کے لیے مُناسب تیاری کرنے میں ناکام رہیں۔
اور یُوں، شادی کی دعوت میں داخِل ہونے کے لیے اُن کی درخواست کی اِجازت کے جواب میں، دُولہے نے جواب دِیا، ”تُم مُجھے نہیں جانتیں۔“ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے، کہ اپنی تیاری اور عقلمندانہ نِگرانی کے ذریعے، وہ پانچ عقلمند کُنوارِیاں اُسے جانتی تھیں۔
قیمتی تیل، شخصی تبدیلی کی علامت ہے، جس نے عقلمند کُنواریوں کو اپنی مشعلیں روشن کرنے اور دُولہا کے ساتھ شادی کی ضیافت میں داخِل ہونے کا موقع دِیا۔ وہ تیل اپنی سہیلیوں کے ساتھ بانٹا نہیں جا سکتا تھا کیوں کہ شخصی تبدیلی بس—شخصی ہی ہوتی ہے۔ ہم اپنی مشعلوں کی روشنی کو بُلند کر کے دُوسروں کو سہارا اور تقویت دے سکتے ہیں اور دینا بھی چاہیے، مگر ہم میں سے ہر ایک اپنی شخصی تبدیلی کا خُود نِگران ہے۔
جیسا کہ نجات دہندہ نے فرمایا ہے، ”وفادار رہو، ہمیشہ دُعا کرتے رہو، اپنی مشعلیں دُرست اور روشن، اور اپنے ساتھ تیل رکھو، تاکہ دُولہے کی آمد کے وقت تُم تیار رہو۔“
اِسی طرح ہم نجات دہندہ کو جانیں گے اور”اَبھی خُدا کے قریب آنے میں اِعتماد رکھیں گے“ جب ہم اپنی تبدیلی کے تیل سے اپنی مشعلوں کو بھرنے کی تیاری کریں گے اور پھر اِس تبدیلی کی روشنی کو چمکنے دیں گے۔ اور، جیسا کہ ٹیمپل سکوائر پر موجُود شان دار مُجسمہ ظاہر کرتا ہے، ہم دُوسروں کو حمایت اور تقویت دے سکتے ہیں اور ہمیں دینی بھی چاہیے—دُوسروں کو نُور کی طرف بُلاتے ہُوئے—دُنیا کے نُور، یِسُوع مسِیح کی طرف۔
متّی کی بیان کردہ دُوسری تمثیل تَوڑوں کی ہے۔ اِس کہانی میں، مالِک نے، دُور دراز کے سفر پر روانہ ہونے سے پہلے، اپنے تین نوکروں کو تَوڑے دِیے۔ عہدِ جدید کے زمانے میں ”تَوڑا“ رقم کی ایک مقدار کو ظاہر کرتا تھا۔ مگر مَیں اُمِّید کرتی ہُوں کہ آپ تَوڑوں کو اُن نعمتوں، صلاحیتوں، اور برکات کے طور پر سوچیں گے جو ہمارے آسمانی باپ نے ہمیں عطا کی ہیں۔ ایک نوکر کو مالِک نے پانچ تَوڑے دِیے، دُوسرے کو دو، اور تیسرے کو ایک دِیا۔ اور پھر مالک سفر پر روانہ ہو گیا۔
جب وہ واپس آیا، تو اُس نے دریافت کِیا کہ جن نوکروں کو اُس نے پانچ اور دو تَوڑے دِیے تھے وہ وفادار اور فائدہ مند نِگران ثابت ہُوئے اور اُنھوں نے اُن تَوڑوں کا اچھا اِستعمال کِیا تھا۔ ہر ایک نے اپنے سُپرد کِیے گئے تَوڑوں کو دُوگنا کر دِیا تھا۔ اور تھوڑی چیزوں میں وفادار رہنے کے باعث، مالِک نے اُنھیں مزید دِیا، اور پُکارا، ”اَے اچھّے اور دِیانتدار نَوکر، شاباش: تُو تھوڑے میں دِیانتدار رہا، مَیں تُجھے بہُت چِیزوں کا مُختار بناؤں گا: اپنے مالِک کی خُوشی میں شرِیک ہو۔“
اِس کے بَرعکس، جس نوکر کو ایک تَوڑا دِیا گیا تھا اُس نے اُسے زمین میں دفن کر دِیا—شاید اِس لیے کہ وہ کسی اور طرف متوجہ تھا اور اپنے تَوڑے کا اچھا اِستعمال کرنے میں ٹال مٹول کرتا رہا۔ یا شاید وہ یہ جان کر مایُوس تھا کہ کیسے شُروع کرے یا اُسے ناکام ہونے کا خوف تھا۔ شاید اُس نے اپنا موازنہ دُوسرے نوکروں سے کِیا، اور اپنی صلاحیت کے بارے میں اُس کے شکُوک نے اُسے کوشِش کرنے سے باز رکھا۔ اُس نے مالِک کی واپسی کی تیاری نہیں کی تھی، اُس نے وفادارانہ نِگرانی کی خُوشی محسُوس نہیں کی تھی، اور اُس نے اپنا تَوڑا کھو دِیا۔
دس کُنوارِیوں کی تمثیل اور تَوڑوں کی تمثیل بالکل ایک جیسی تمثیلیں ہیں۔ دونوں اِس بات پر زور دیتی ہیں کہ ہماری اپنی تبدیلی کے لیے ہماری شخصی ذِمہ داری ہے اور ہمیں خُداوند کی اُس نعمت یعنی سرفرازی کو حاصِل کرنے کے لیے خُود کو تیار کرنا چاہیے—اور یہ کہ جس چیز سے ہمیں نوازا گیا ہے اُس کے لیے ہماری نِگرانی اور شخصی جواب دہی ہے۔
آخِر میں، متّی 25 اُن لوگوں کی کہانی بیان کرتا ہے جنھیں ”خُدا کے حُضُور توکّل“ حاصِل ہے۔ اُسے اچھے چرواہے کی بھیڑیں قرار دِیا گیا ہے، جو اُس کے دائیں جانب پائی جاتی ہیں، اُس کے ساتھ شادی کی ضیافت سے لُطف اَندوز ہوتی ہیں، اور بُہت سی چیزوں کا مُختار بنانے کی برکت پاتی ہیں، اُس نے فرمایا:
”مَیں [بھُوکا] تھا، اور تُم نے مُجھے کھانا کھِلایا: مَیں پیاسا تھا، تُم نے مُجھے پانی پِلایا: مَیں پردیسی تھا، [تُم] نے مُجھے اپنے گھر میں اُتارا: [مَیں] ننگا تھا، [تُم] نے مُجھے کپڑا پہنایا: مَیں بیمار تھا، [تُم] نے میری خبر لی: مَیں قید میں تھا، [تُم] میرے پاس آئے۔“
یہ ویڈیو اِس بات کو خُوب صُورتی سے بیان کرتی ہے۔
[ویڈیو (سب ٹائٹلز)]
”یِسُوع نے ہمیں سِکھایا کہ کیسے اپنے پڑوسی سے محبّت رکھنی ہے۔ ہم اُس کی مِثال پر عمل کرتے ہیں جب ہم تھکے ماندوں کو [سہارا دیتے ہیں] [،] بچّوں کی پرورش کرتے ہیں[،] اپنے اِردگِرد کے لوگوں کو تسلّی دیتے ہیں[،] بھُوکوں کو کھانا کھِلاتے ہیں[،] اور ضرُورت مندوں کو تلاش کرتے ہیں۔ ہر دِن اُس کی مانِند بننے کا ایک موقع ہے[،] اُس کی مانِند خِدمت کریں[،] اُس کی مانِند دیکھ بھال کریں۔ ہر روز، خیال رکھنا آپ سے شُروع ہوتا ہے۔ CaringSummary.ChurchofJesusChrist.org پر جائیں۔“
[ویڈیو کا اِختتام]
ہم سے یہی تقاضا کِیا گیا ہے۔ اُس کے شاگِردوں کی حیثیت سے، ہم اُس کی آمدِ ثانی کے لیے خُود کو تیار کریں اور اُس چیز کی وفاداری اور عُمدگی سے نِگرانی کریں جس سے ہمیں نوازا گیا ہے۔ رحم، محبّت، پاکیزگی، اور وفادارانہ نِگرانی ہمیں اُس کے ساتھ رہنے اور اَبھی خُدا کے حُضُور توکّل رکھنے کے لائق بناتی ہے۔ جیسا کہ مورمن نے سِکھایا کہ، وہ لوگ جو محبّت یعنی—مسِیح کے سچّے عِشق—سے بھرپُور ہیں یومِ آخِر ”[اُن] کے ساتھ اچھا ہوگا۔“ وہ نجات دہندہ کی مانِند ہوں گے، اُسے ویسا ہی دیکھیں گے جیسا وہ ہے اور اُمید سے بھرپُور ہوں گے اور اُسی طرح پاکیزہ ہوں گے جیسے وہ پاکیزہ ہے۔ صدر نیلسن نے اِعلان فرمایا ہے، ”محبّت اور نیکی خُدا کی حُضُوری میں توکّل پانے کی راہ کھولتی ہیں!“
یہ تینوں تمثیلیں سِکھاتی ہیں کہ اُس کے شاگِردوں کو—ہمیں—مُخلصی بخشنے والے کی آمدِ ثانی سے پہلے آنے والے پُرخطر اوقات کے لیے کیسے تیاری کرنی چاہیے۔ یہ وہ زمانہ ہے جس میں ہم جی رہے ہیں! ہمیں اپنی تبدیلی کی مشعلوں کو روشن رکھنا ہے، اپنی روشنی کو چمکنے دینا ہے، اپنے تَوڑوں کو اِستعمال کرنا اور بڑھانا ہے، ضرُورت مندوں کا خیال رکھنا ہے—یعنی، محبّت—مسِیح کے سچّے عِشق—سے مالا مال ہونا ہے۔
یہ تینوں تمثیلیں ہمیں نِگرانی کی بابت سِکھاتی ہیں:
اپنی شخصی تبدیلی کے لیے نِگرانی۔
اُن نعمتوں، تَوڑوں، اَثاثوں، اور مُعاونت کے لیے نِگرانی جن سے ہمیں فیض یاب کِیا گیا ہے، جس میں خُود یہ زمین بھی شامِل ہے۔
اپنے پڑوسیوں کے لیے نِگرانی جو بھُوکے، بے گھر، دُکھی، اور تھکے ماندے ہیں۔
یِسُوع مسِیح کے شاگِردوں کی حیثیت سے، ہم اچھی نِگرانی کس طرح کرتے ہیں؟
شاید نِگرانی پر مزید تفصیلی گُفت و شُنید مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ آئیے سب سے پہلے نِگرانی کی تعریف کرتے ہیں۔ اور نِگران کون ہے؟
نِگران ایک بڑے گھرانے یا جائیداد کے اَثاثوں کا اِنتظام کرتا ہے۔ نِگران اَثاثوں کا مالِک نہیں ہوتا بلکہ مالِک کی جانب سے اِن کا اِنتظام کرنے کے لیے اُسے سُپرد کِیا جاتا ہے۔ ایک فائدہ مند نِگران اَثاثوں کے مالِک کے لیے دیانتدار ہوتا ہے، وسائل کی دانِشمندی اور سخاوت سے دیکھ بھال کرتا ہے۔ پَس، نِگرانی اُن چیزوں کا احتیاط اور ذِمہ داری سے اِنتظام کرنا ہے جو ہمیں دیکھ بھال کرنے کے لیے سُپرد کی جاتی ہیں۔
صدارتی صدارتِ بِشپ میں سے بِشپ جیرالڈ کاؤسے نے سِکھایا کہ زمینی نِگران ہونے کا کیا مطلب ہے۔ اُنھوں نے کہا، ”اِنجِیل کے مُطابق، لفظ نِگرانی ایک مُقدّس رُوحانی یا دُنیاوی ذِمہ داری عائد کرتا ہے کہ کِسی اَیسی چِیز کی دیکھ بھال کریں جو خُدا کی ہے جِس کے لیے ہم جواب دہ ہیں۔“
غور کریں کہ یہ کِتنا عظیم تصوُّر ہے! ہم اُن اَثاثوں کے نِگران ہیں جو ہمارے آسمانی باپ نے ہمارے سُپرد کِیے ہیں۔ یعنی، زمین کے لیے ایک مُقدّس بھروسا؛ اِس کے وسائل؛ اُس کی اولاد؛ ہماری نعمتوں، صلاحیتوں، اور برکات کے لیے۔ اور اُس کے اَثاثوں کے ساتھ احتیاط سے پیش آنا ایک مُقدّس ذِمہ داری ہے۔
آپ کس چیز یا کس کے لیے نِگران ٹھہرائے گئے ہیں؟
یہ دَرحقیقت اِس دَھرتی پر خُدا کی تمام مخلُوقات ہیں۔ آپ اپنے بدن اور اپنے ذہن کے نِگران ہیں۔ آپ اپنی صلاحیتوں، تَوڑوں، رُوحانی نعمتوں، اور اُس مُعاونت کے نِگران ہیں جن کی آپ کو برکت دی گئی ہے۔ آپ اِس زمین کے نِگران ہیں۔ اور آپ ایک دُوسرے کے نِگران ہیں۔
بِشپ کاؤسے نے وضاحت کی: ”خُدا کی تخلِیقات پر ہماری نِگرانی میں … سب سے اَہم، تمام بنی نوع اِنسان سے محبّت، احترام، اور اُن کی دیکھ بھال کرنے کا ایک مُقدّس فریضہ شامِل ہے جن کے ساتھ ہم اِس زمین کو بانٹتے ہیں۔ وہ خُدا کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں، ہماری بہنیں اور ہمارے بھائی ہیں، اور اُن کی اَبَدی خُوشی کارِ تخلِیق کا عین مقصد ہے۔“
کیا آپ ایک فائدہ مند نِگران ہوں گے؟ یعنی، کیا آپ خُدا کی تخلیقات کی دانِشمندی اور سخاوت سے دیکھ بھال کریں گے؟
مَیں چاہُوں گی کہ ہم اپنی توجہ اُن نعمتوں اور صلاحیتوں کی نِگرانی پر مرکُوز کریں جن سے ہمیں نوازا گیا ہے، زمین کے لیے ہماری نِگرانی پر، اور اپنے پڑوسی کے لیے نِگرانی پر۔ یاد رکھیں، راست نِگرانی ہماری شاگِردی کا ثبُوت ہے۔
سب سے پہلے، اپنی نعمتوں اور صلاحیتوں کی نِگرانی۔
عقائد اور عہُود 46:11–12 سے ہم یہ سچّائی سیکھتے ہیں:
”کیوں کہ اُن سب کے پاس ہر نعمت نہیں ہے؛ کیوں کہ بُہت ساری نعمتیں ہیں، اور ہر اِنسان کو خُدا کے رُوح سے نعمت عطا کی جاتی ہے۔
”بعض کو ایک طرح کی دی جاتی ہے، اور بعض کو دُوسری طرح کی، تاکہ سب کو فائدہ پُہنچے۔“
ہماری رُوحانی نعمتیں وہ صلاحیتیں ہیں جو خُدا نے ہم میں سے ہر ایک کو عطا کی ہیں۔ یہ اُس کی مرضی اور وقت کے مُطابق، رُوحُ القُدس کی قُدرت سے دی جاتی ہیں، اور اِن کا مقصد خُدا کے تمام بچّوں کی برکت اور فائدے کے لیے ہے۔
وفادار نِگران اپنی زِندگیوں میں رُوحانی نعمتوں کی تلاش کرتے اور اُنھیں دعوت دیتے ہیں اور اُن کو دُوسروں کو اُٹھانے اور اُن کی خِدمت کرنے کے لیے اِستعمال کرتے ہیں جن کی اُنھیں برکت دی گئی ہے۔ آپ میں سے ہر ایک، خُدا کے بچّو کو، نعمتیں اور خاص صلاحیتیں عطا کی گئی ہیں۔
ایلڈر ماروِن جے ایشٹن، بارہ رَسُولوں کی جماعت کے ایک رُکن، نے کئی کم نُمایاں نعمتوں، خُوبیوں، اور صلاحیتوں کو بیان کِیا جن پر آپ نے شاید غور نہ کِیا ہو۔ جیسا کہ مَیں اِن کی فہرست دیتی ہُوں، کیا آپ کُچھ خُود شناسی کریں گے اور ایک یا دو کی نِشان دہی کرنے کی کوشِش کریں گے جن سے آپ کو نوازا گیا ہے؟ پھر، وہ نعمت پا کر، غور کریں کہ آپ اِسے دُوسروں کو برکت دینے کے لیے ایک دیانتدار نِگران کے طور پر کیسے اِستعمال کریں گے۔
”پُوچھنے کی نعمت؛ سُننے کی نعمت؛ سُننے اور مدھم، خاموش سرگوشی کو سُننے اور عمل کرنے کی نعمت؛ ماتم کرنے کے قابل ہونے کی نعمت؛ جھگڑے سے بچنے کی نعمت؛ راضی ہونے کی نعمت؛ بے فائدہ تکرار سے بچنے کی نعمت؛ جو راست ہے اُس کو تلاش کرنے کی نعمت؛ عیب جوئی نہ کرنے کی نعمت؛ ہدایت کے لیے خُدا کی طرف دیکھنے کی نعمت؛ شاگِرد بننے کی نعمت؛ [سکُون بخشنے کی نعمت؛] دُوسروں کی دیکھ بھال کرنے کی نعمت؛ غور و فِکر کرنے کے قابل ہونے کی نعمت؛ دُعا کرنے کی نعمت؛ … طاقت ور گواہی … دینے کی نعمت؛ اور رُوح القُدس حاصِل کرنے کی نعمت۔“
جب آپ اپنی نعمتوں پر غور و فِکر کرنا جاری رکھتے ہیں، تو کیا مَیں ایک تنبیہ پیش کر سکتی ہُوں؟ اپنی نعمتوں کا دُوسروں کی نعمتوں سے موازنہ یا پیمایش نہ کریں۔ ”خُود کو کم تر سمجھنے“ میں مشغُول نہ ہوں۔ ”موازنہ خُوشی کا چَور ہے۔“ اپنی نعمتوں کو اَپنائیں اور دُوسروں کے پاس موجُود نعمتوں کا جشن منائیں۔ یاد رکھیں، رُوحانی نعمتیں خُدا کی طرف سے رُوح کے ذریعے اِس مقصد کے لیے دی جاتی ہیں تاکہ سبھی اُن سے فائدہ اُٹھا سکیں۔
میری پیاری نانی اَنگریزی کی اُستانی تھیں اور اپنے اَلفاظ کا چُناؤ احتیاط سے کرتی تھیں۔ وہ اکثر کہتی تھیں، ”موازنے ناگوار ہوتے ہیں۔“ ناگوار ایک بُہت سخت لفظ ہے۔ اِس کا مطلب ہے ”قابلِ نفرت اور سخت اِعتراض کے قابل۔“ میری نانی نے موازنہ کرنے کے خطرے کے بارے میں مُجھے نصیحت کرتے وقت اِتنا سخت لفظ کیوں اِستعمال کِیا؟ اِس کی وجہ یہ ہے کہ دُوسروں سے اپنا موازنہ کرنا شاذ و نادِر ہی فائدہ مند ہوتا ہے۔ جب ہم دُوسروں سے اپنا موازنہ کرتے ہیں تو ہم خُود کو اُن سے الگ کر لیتے ہیں۔ مسِیح کے پُورے بدن کا حِصّہ محسُوس کرنے کی بجائے، مَیں ایک چھوٹی اُنگلی کا کِردار اِختیار کر لیتی ہُوں اور اپنی قدر کا اندازہ کسی اَیسے شخص سے کرتی ہُوں جسے مَیں کندھے، بازُو اور دَھڑ سمجھتی ہُوں۔ عام طور پر، جب ہم دُوسروں سے اپنا موازنہ کرتے ہیں، تو ہم یا تو کم تر محسُوس کرتے ہیں یا بَرتر، اور حقیقت میں اَیسا نہیں ہے۔ ہم سب آسمانی والدین کی پیاری اولاد ہیں، جنھیں رُوحانی نعمتوں، خُوبیوں، صلاحیتوں اور طاقتوں کا ایک ذاتی مجمُوعہ عطا کِیا گیا ہے۔
لہٰذا مَیں آپ کو موازنے ترک کرنے کی نعمت کو پروان چڑھانے کی دعوت دیتی ہُوں۔ آسمانی باپ سے دُعا کریں کہ وہ آپ کو آپ کی رُوحانی نعمتوں اور صلاحیتوں کی شناخت کرنے میں مدد کرے اور یہ کہ آپ اُنھیں ایک وفادار نِگران کے طور پر کیسے اِستعمال کر سکتے ہیں۔
یہاں میں ایک مِثال دوں گی۔
چند برس قبل، نیدرلینڈز میں رہنے والی ایک نوجوان بالغ خاتُون، جین، اُس حُکم پر غور کر رہی تھی جو سب سے پہلے آدم اور حوّا کو زمین میں بڑھنے اور اِسے معمُور و محکُوم کرنے کے لیے دِیا گیا تھا۔ چُوں کہ وہ اور اُس کا شوہر بانجھ پن کا سامنا کر رہے تھے، اِس لیے اُنھوں نے یہ سمجھنے کی کوشِش کی کہ وہ حُکم اُن پر کیسے لاگُو ہوتا ہے۔ اُس نے جانا کہ اُس عرصے کے دوران جب آدم اور حوّا کے بچّے نہیں تھے، تو اُنھوں نے اُس باغ کی کاشت اور دیکھ بھال کی جس کی خُدا نے اُنھیں نِگرانی سونپی تھی۔ جب اُس نے اپنے حالات پر غور کِیا، تو اُس نے اُن باغوں کے مُتعلق سوچا جن میں وہ رہتی تھی—زمین کا باغ، اپنے مُلک کا باغ، اپنے خاندان کا باغ، اور اپنی وارڈ کا باغ۔
اُسے احساس ہُوا کہ اگرچہ وہ باغِ عدّن میں نہیں رہتی تھی، لیکن یہ وہ باغ تھے جن میں خُداوند نے اُسے رکھا تھا۔ وہ اُس چیز میں اِضافہ اور اُسے معمُور و محکُوم کرنے کی کاوِش کر سکتی تھی جس کی خُداوند نے اُسے نِگرانی سُپرد کی تھی۔ جین نے غور و خوض کِیا:
-
مَیں اُن نعمتوں کو کیسے بڑھا سکتی ہُوں جو خُداوند نے مُجھے اور دُوسروں کو دی ہیں؟
-
مَیں خُدا کے بچّوں کے لیے محبّت کو کیسے بڑھا سکتی ہُوں؟
-
مَیں دُوسروں کی خِدمت کے لیے اپنے وقت اور کوشِش کو کیسے بڑھا سکتی ہُوں؟
-
مَیں اپنے رُوحانی کُنویں کو کیسے معمُور کر سکتی ہُوں؟
-
مَیں دُوسروں کے کھوئے ہُوئے، خواہ وہ مادی ہو یا رُوحانی، کو کیسے معمُور کر سکتی ہُوں؟
-
مَیں اُس اُمِّید اور اِیمان کو کیسے معمُور کر سکتی ہُوں جو دُنیا میں بُہت سوں کے لیے کھو گیا معلُوم ہوتا ہے؟“
جب جین نے اُن سوالات پر توجہ مرکُوز کی تو اُسے اپنی نعمتوں اور صلاحیتوں کو اِستعمال کرتے ہُوئے بڑھانے اور معمُور و محکُوم کرنے کے مواقع پہچاننے کی برکت مِلی۔ اُس نے دُنیا بھر کے نوجوانوں کو تھیٹر سِکھایا۔ اُس نے نوجوان خواتین کی خِدمت کی۔ اُس نے اپنی پیشہ ورانہ زِندگی میں لچک سے فائدہ اُٹھاتے ہُوئے اپنے دوستوں کے بچّوں کی دیکھ بھال میں مدد کی۔ اُس نے اِنجِیل کے مُطالعہ میں زیادہ وقت گُزارا اور دُوسروں کے بوجھ اُٹھانے اور اُن لوگوں کو تسلّی دینے کے طریقے کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے برکت محسُوس کی جنھیں تسلّی کی ضرُورت ہے۔ اِس سے یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل میں اُس کی گواہی اور اِیمان میں اِضافہ ہُوا۔ سب سے اَہم بات یہ ہے کہ اُسے اپنے واسطے خُدا کے منصُوبے کی ذاتی سمجھ بُوجھ حاصِل ہُوئی۔
اچھے نِگران ہمیشہ مالِک کے اَثاثوں میں اِضافہ کرتے اور اُنھیں معمُور کرتے ہیں۔
اگرچہ اِس طرح سے نہیں جیسا کہ جین نے اِبتدا میں تصوُّر کِیا تھا، مگر جین کا تجربہ یرمیاہ نبی کے ایک وعدے کا خُوب صُورت ثبُوت ہے، جس نے کہا:
”مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند پر توکّل کرتا ہے، اور جس کی اُمِّید گاہ اُس پر ہے۔
”کیوں کہ وہ اُس درخت کی مانِند ہو گا جو پانی کے پاس لگایا جائے اور اپنی جَڑ دریا کی طرف پھیلائے۔ اور جب گرمی آئے تو اُسے کُچھ خطرہ نہ ہو، بلکہ اُس کے پتّے ہرے رہیں۔ اور خُشک سالی کا اُسے کُچھ خوف نہ ہو اور پھل لانے سے باز نہ رہے۔“
دوم، زمین اور خُدا کے تمام بچّوں کے لیے نِگرانی۔
صدر رِسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے کہ: ”اِلٰہی تخلِیق کے جانشِین ہونے کے ناطے، ہم کیا کریں گے؟ ہمیں زمین کی دیکھ بھال کرنی چاہیے، اِس پر دانا نِگران بننا چاہیے، اور آیندہ نسلوں کے لیے اِسے محفوظ رکھنا چاہیے۔“
مَیں جانتی ہُوں کہ یہ ایک اَیسا موضُوع ہے جس کے بارے میں آپ کی نسل گہری دِلچسپی رکھتی ہے۔ آپ ایک بڑا عزّم رکھتے ہیں، اور آپ میں سے بعض تھوڑا اِضطراب بھی رکھتے ہیں۔ مَیں آپ کو یقین دِلاتی ہُوں کہ خُدا نے اِس سیارے پر ہر ایک کے لیے صحت مند زِندگی گُزارنے کا طریقہ تیار کِیا ہے، اگر ہم اِس بھلائی کے لیے اپنی نعمتوں اور صلاحیتوں کو اِستعمال کرنے، مُکاشفہ حاصِل کرنے کے لائق رہنے، اور ایک دُوسرے کی دیکھ بھال کے لیے زمین کے وافر وسائل کو عقلمندی سے اِستعمال کرنے کے لیے تیار ہوں۔
خُداوند نے فرمایا ہے:
”مُجھ، … خُداوند نے آسمانوں کو پھیلایا، اور زمِین کو بنایا، میرے ہاتھ کی حقیقی دَست کاری؛ اور تمام چِیزیں جو اُن میں ہیں میری ہیں۔
”پَس زمین معمُور ہے، اور اِس میں سب کے لیے کافی ہے اور کُچھ زائد بھی ہے؛ ہاں، مَیں نے تمام چیزیں تیار کی ہیں، اور بنی آدم کو دی ہیں کہ اپنے نُمایندے خُود ہوں۔“
آپ اُس آزاد مرضی کو کیسے اِستعمال کریں گے جس سے آپ کو نوازا گیا ہے، اپنی نِگرانی کو، زمین کی شان دار برکت کے لیے؟
خداوند اگلی آیت میں واضح کرتا ہے کہ ہمیں ”اِس فراوانی میں سے جو [اُس نے] بنائی ہے، اور [اُس کی] اِنجِیل کے قانُون کے مُطابق، [اپنا] حِصّہ، غریبوں اور حاجت مندوں کو دینا ہے۔“ اگر ہم اپنی وافر نعمتوں کو بانٹیں گے اور زمین کے مسِیح جیسے نِگرانوں کی حیثیت سے اپنی آزاد مرضی کو اِستعمال کریں گے تو ہمارے خود کے لیے کافی کچھ بچ جائے گا۔
آئیں صدر نیلسن کے زمین کے لیے ہماری نِگرانی کے بارے میں اِقتباس پر واپس چلتے ہیں۔ اُنھوں نے فرمایا: ”اِلٰہی تخلِیق کے جانشِین ہونے کے ناطے، ہم کیا کریں گے؟ ہمیں زمین کی دیکھ بھال کرنی چاہیے، اِس پر دانا نِگران بننا چاہیے، اور آیندہ نسلوں کے لیے اِسے محفُوظ رکھنا چاہیے۔“
پھر صدر نیلسن نے جاری رکھا، ”اور ہمیں ایک دُوسرے سے محبّت کرنی ہے اور ایک دُوسرے کی دیکھ بھال کرنی ہے۔“
یہ ضرُوری ہے کہ ہم زمین کی دیکھ بھال اور اپنے پڑوسی کی دیکھ بھال کے درمیان تعلق کو پہچانیں۔ زمین کی دیکھ بھال کرتے ہُوئے، اپنے مَقامی ماحول کو خُوب صُورت بناتے ہُوئے، اور اپنی برادریوں کو زیادہ پائیدار بنانے میں مدد کرتے ہُوئے، ہم اپنے پڑوسیوں کی زِندگیوں کو برکت دینے کے لیے زمین کے دانا نِگرانوں کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن سے ہمیں محبّت کرنے کا حُکم دِیا گیا ہے۔ تمثیل کی بھیڑوں کی طرح، ہم بھُوکوں کو کھانا کھِلاتے ہیں، پیاسوں کو پانی پِلاتے ہیں، ننگوں کو کپڑے پہناتے ہیں، اور بیماروں اور تھکے ماندوں کی خَبر لیتے ہیں۔ ہم ”کمزوروں کی دَست گیری کریں، اور اُن ہاتھوں کو اُٹھائیں جو ڈِھیلے ہیں، اور ناتواں گھُٹنوں کو توانا کرتے ہیں۔“
دُنیا بھر میں آپ کی بہنیں اور بھائی یہ کر رہے ہیں۔ ایریٹائی جزیرے ماراکی، کیریباتی کے دُور دراز عِلاقے میں پَلا بڑھا۔ اپنے مِشن سے واپس آنے کے بعد، اُس نے بی وائے یُو میں تعلیم حاصِل کی، جہاں وہ SWAT، یعنیSustainable World Action Technology کی ٹیم میں شامِل ہُوا، اور ہائیڈرو پونِک باغبانی کے بارے میں سیکھا، جو مٹّی کے بغیر پانی کے محلُول میں معدنی غذائی اجزا کا اِستعمال کرتے ہُوئے پودے اُگانے کا ایک طریقہ ہے۔ گریجویشن کے بعد، ایریٹائی اپنے لوگوں کی مدد کرنے کے لیے کیریباتی واپس چلا گیا۔
کیریباتی ایک جزیراتی مُلک ہے جو 32 اَنگوٹھی کی شکل کے مَرجانی جزیروں پر مُشتمل ہے جن میں وسطی تالاب ہیں، جنھیں اَٹول کہا جاتا ہے، اور اِس میں ایک اُونچا مَرجانی جزیرہ موجود ہے۔ خطِ اِستوا پر واقع ہونے کی وجہ سے، موسمی حالات سخت ہیں۔ گرم، نمکین سمُندری ہوائیں اور سمُندری پانی کا زمین میں داخِل ہونا فصلوں کو تباہ اور پانی کو آلُودہ کر دیتا ہے۔ لہٰذا غِذائیت سے بھرپُور خوراک اُگانے کے لیے مٹّی اور جگہ کی کمی ہے۔ اِس لیے کیریباتی کے جزیروں پر رہنے والوں کے لیے غِذائی قِلت اور بیماریاں عام ہو گئی تھیں کیوں کہ وہ تقریباً مُکمل طور پر درآمد شُدہ اور پراسیس شُدہ خوراک پر اِنحصار کر رہے تھے۔
لیکن ایریٹائی کے پاس توانائی اور رویا تھی، اَیسی صلاحیتیں جنھیں اُس نے اِستعمال کرتے ہُوئے ایک پائیدار پروگرام بنایا تاکہ مَقامی کیریباتی خاندانوں کو ہائیڈرو پونِکس کا اِستعمال کرتے ہُوئے صحت بخش پھل اور سبزیاں اُگانا سِکھایا جا سکے۔ ہائیڈرو پونِک باغ ایک قابلِ اِنتقال، خُود کَفِیل، نِظام ہے جو تیزی سے پیداوار دیتا ہے، اور صِرف 30 دِنوں میں فصل تیار کر دیتا ہے۔
اپنے تخلیقی اور زِندگی بچانے والے کام کے اِعتراف میں، ایریٹائی کو اقوامِ مُتحدہ کی جانب سے ایشیا پیسفک کے لیے چیمپیئن آف دی اَرتھ کا اِعزاز دِیا گیا۔
ایریٹائی زمین اور اپنے پڑوسی کی نِگرانی میں اپنی صلاحیتوں اور نعمتوں کو مُنافع بخش طریقے سے اِستعمال کرنے کی لازوال مِثال ہے۔ بھُوکوں کو کھانا کھِلانے سے، ہمارا شُمار خُدا کے دائیں ہاتھ کی بھَیڑوں میں ہوتا ہے۔
اور ہمیں پیاسوں کو پانی پِلانا ہے۔ اپنے پڑوسیوں کو پینے کا صاف پانی، صفائی سُتھرائی، اور حفظانِ صحت تک رَسائی فراہم کرنا اِنسانی ترقی کے لیے اِنتہائی اَہم ہے۔ اِس کام کو سَراَنجام دینے کے لیے، کلِیسیا دُنیا بھر میں دِیگر تنظیموں اور مَقامی برادریوں کے ساتھ مِل کر اِن خِدمات تک رَسائی کو بہتر بنانے اور مجمُوعی نِظام کو مضبُوط بنانے کے لیے تعاون کرتی ہے، اِس بات کو یقینی بناتے ہُوئے کہ حَل دیرپا ہوں اور خُود اِنحصاری کو فروغ دیں۔ یہ اَہم کام ہے! اور یہ تیزی سے اَہم ہوتا جا رہا ہے کیوں کہ زمین پر خُشک سالی بڑھ رہی ہے اور آبادی میں مُسلسل اِضافہ ہو رہا ہے۔
الیگزینڈرا، جو کاسکاس، پیرُو، کی ایک نوجوان بالغ ہے، نے خُود سے سوال کِیا، ”ہمیں یہاں کس چیز کی کمی ہے؟“ الیگزینڈرا جانتی تھی کہ اُس کی برادری میں کم اَز کم 20 فیصد خاندان محفُوظ صفائی سُتھرائی کی خِدمات سے محرُوم ہیں، جس کی وجہ سے ہیضہ جیسی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اِس چنوتی سے نِمٹنے کے لیے، الیگزینڈرا نے پیرُو میں واٹر فار پیپل کی مَقامی ٹیم کی جانب سے مُنعقد کی جانے والی صفائی سُتھرائی کے کاروبار کی ٹریننگ میں شمُولیت اِختیار کی۔
اُس نے کاروبار شُروع کِیا اور اپنے چھوٹی سی دُوکان میں سِنک، ٹُونٹی، ٹوائلٹ، ٹائلیں، اور دیگر مَواد کا ذخیرہ کِیا جن کی خاندانوں کو اپنے باتھ رُوم مُکمل کرنے کے لیے ضرُورت تھی۔ اَب کاسکاس کے خاندانوں کو وہ مَواد مُیسر تھا جس کی اُنھیں گھر کے باتھ رُوم بنانے کے لیے ضرُورت تھی۔
آپ، بھی، اپنی برادری میں پینے کا صاف پانی اور صفائی سُتھرائی کی ضرُوریات کی نِشان دہی کر سکتے ہیں اور یہ کہ آپ کس طرح شامِل ہو سکتے ہیں۔
یسعیاہ نبی اپنے ہم عصر دوست یرمیاہ کی بات کی تائید کرتا ہے جب وہ ہمیں بتاتا ہے:
”اگر تُو اپنے دِل کو بھُوکے کی طرف مائل کرے، اور آزردہ دِل کو آسُودہ کرے؛ تو تیرا نُور تاریکی میں چمکے گا۔ …
”اور خُداوند سدا تیری راہ نُمائی کرے گا، اور خُشک سالی میں تُجھے سیر کرے گا، … پَس تُو سَراب باغ کی مانِند ہو گا، اور اُس چشمہ کی مانِند، جس کا پانی کم نہ ہو۔“
بِلا شُبہ، یِسُوع مسِیح زِندگی کے تمام پانی کا سَرچشمہ ہے۔ مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ جب ہم پیاسوں کو پانی پِلاتے ہیں، تو ہمیں اُس کا زِندگی بخش پانی پینے کی برکت مِلتی ہے —”پانی کا چشمہ جو ہمیشہ کی زِندگی کے لیے جاری رہتا ہے۔“ زمین اور اپنے پڑوسیوں کی دیکھ بھال کرتے ہُوئے، ہم نجات دہندہ کے قریب ہوتے جاتے ہیں اور اُس کے ساتھ ایک موعُودہ رِشتے کی خواہش کرتے ہیں جو ہمیں اُس کی مانِند بننے کی اِجازت دیتا ہے۔ ہم ذِمہ دار نِگران ہوں گے—اور خُوش و خُرم نِگران بھی۔ ہم نئے زور سے بھَر جائیں گے اور عُقابوں کی طرح پرواز کریں گے اور نہ تھکیں گے ۔
گُزشتہ سال، ریلیف سوسائٹی کی عمُومی صدارت نے خواتین اور بچّوں کی صحت اور فلاح و بہبُود کو بہتر بنانے کے لیے ایک عالمی اِقدام کی توسیع کا اِعلان کِیا۔ صدارتِ اوّل کی درخواست پر، ریلیف سوسائٹی اِس کاوِش کی قیادت کر رہی ہے۔
ہم خواتین اور خاندانوں کو زیادہ فہم و فراست اور وسائل کے ساتھ بااِختیار بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اَیسی تبدیلیاں لانے کے لیے بہتر طور پر لیس ہوں جو اُن کے گھروں، برادریوں، اور قوموں پر دیرپا اَثر ڈال سکیں۔ جب ایک عورت بااِختیار ہوتی ہے کیوں کہ وہ صحت مند اور تعلیم یافتہ ہے، تو خاندان برکت پاتے ہیں، برادریوں کو ترقی مِلتی ہے، اور قومیں مضبُوط بنتی ہیں۔ جب آپ کسی بچّے کو برکت دیتے ہیں، تو آپ مُستقبل میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ لہٰذا ہمارا کام پانچ سال سے کم عُمر بچّوں کی غِذائیت، زَچگی اور نوزائیدہ کی دیکھ بھال، حِفاظتی ٹیکوں، اور تعلیم پر مرکُوز ہے۔
الائنا جارجیا، اَمریکہ میں رہنے والی ایک نوجوان بالغ ہے۔ وہ پیشہ ورانہ تھراپی میں ڈاکٹریٹ کی ڈِگری حاصِل کر رہی ہے جس کا مقصد ہسپتال کے نوزائیدہ اِنتہائی نِگہداشت یُونٹ (این آئی سی یُو) میں اُن بچّوں کے لیے کام کرنا ہے جنھیں پیدایش کے بعد اِضافی دیکھ بھال کی ضرُورت ہوتی ہے، خصُوصاً وہ جو قبل اَز وقت پیدا ہُوئے ہیں۔ ریلیف سوسائٹی کا خواتین اور بچّوں کے لیے عالمی اِقدام الائنا کے دِل کو چھُو گیا۔ عالمی اِقدام میں شِرکت کی دعوت سے مُتاثر ہو کر، الائنا قبل اَز وقت پیدا ہونے والے بچّوں کے لیے ”کینگرُو کیئر،“ یا جِلد سے جِلد رابطے کو، اپنے گریجویٹ کیپ سٹون پروجیکٹ کا موضُوع بنا رہی ہے۔
پُوری دُنیا میں ہر سال تقریباً 15 مِلین بچّے قبل اَز وقت پیدا ہوتے ہیں۔ اور اٹلانٹا، جارجیا میں، جہاں الائنا رہتی ہے، قبل اَز وقت پیدایش کی شرح اور شِیر خوار اَموات کی شرح اَمریکی قومی اوسط سے زیادہ ہے۔
الائنا ایک تعلیمی پروگرام بنا رہی ہے تاکہ لوگوں کو قبل اَز وقت پیدا ہونے والے بچّوں اور اُن کی ماؤں کے درمیان جِلد سے جِلد رابطے کے فوائد کے بارے میں زیادہ آگاہی ہو۔ بچّوں کو، صرف ایک لنگوٹ پہنا کر، براہِ راست ماں کی جِلد پر اُس کی چھاتی پر رکھا جاتا ہے، اور پھر اُن دونوں کے اُوپر ایک کپڑا ڈال دِیا جاتا ہے۔ یہ رابطہ درجہِ حرارت برقرار رکھتا ہے، تناؤ کو کم کرتا ہے، ہارمونز کو مُنظم کرتا ہے، تعلق کو بڑھاتا ہے، دُودھ پِلانے کو فروغ دیتا ہے، نِیند کو بہتر بناتا ہے، اور اِس کے بُہت سے دُوسرے فوائد ہیں۔ لیکن اِسے ہمیشہ این آئی سی یُو میں نِگہداشت کے معیار کے طور پر نافذ نہیں کِیا جاتا ہے۔ الائنا کا منصُوبہ اِس کے عمل درآمد کو بہتر بنانا ہے۔
اُس کی تحقیق اُسے بُہت رُوحانی محسُوس ہُوئی۔ ”سائنس پڑھنا … اور … یہ جاننا کہ ہمارے جِسم اِن کاموں کو کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں“ اُس کے لیے یہ معنی خیز تھا کیوں کہ وہ نجات کے منصُوبے کے بارے میں جانتی ہے۔
قبل اَز وقت پیدا ہونے والے بچّوں کے لیے جِلد سے جِلد رابطے کی دیکھ بھال میرے لیے خصُوصی طور پر دِل کو چھُو لینے والی ہے، کیوں کہ میرا ایک پَوتا فروری میں تقریباً سات ہفتے پہلے پیدا ہُوا تھا۔ صِرف تین پاؤنڈ، پانچ اونس وزن کے ساتھ، ہمارا چھوٹا جنگجُو تقریباً ایک ماہ این آئی سی یُو میں رہا۔ اور اُن تمام دِنوں میں، میری بہُو اور بیٹے نے اُسے اپنی چھاتی پر، جِلد سے جِلد رابطہ برقرار رکھا۔ دیکھیے، ”کینگرُو کیئر“ والِدوں کے لیے بھی ہے۔ ہمارے پَوتے کی اَچانک پیدایش کی تکلیف دَہ نوعیت، اور اُسے ہسپتال میں چھوڑنے سے وابستا جُدائی کا دَرد، اُن لمحات میں کسی حد تک سُکُون بخش تھا۔
الائنا اپنی تبدیلی کی روشنی کو چمکنے دے رہی ہے؛ وہ اُن صلاحیتوں کو برُوئے کار لا رہی ہے جن سے اُسے فیض یاب کِیا گیا ہے، اور وہ اِس اَہم عمل کا مُطالعہ کر کے اور اِس کے بارے میں آگاہی بڑھا کر حاجت مندوں کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ اُس کی کاوِشیں شافی کی پُکار کا جواب دیتی ہیں—”مَیں بِیمار تھا، تُم نے میری خبر لی۔“
ایریٹائی، الیگزینڈرا، اور الائنا یِسُوع مسِیح کے شاگِرد ہیں جو اُس کی آمدِ ثانی کے لیے خُود کو تیار کر رہے ہیں جب وہ وفاداری اور مُنافع بخش طریقے سے اُس چیز کی نِگرانی کرتے ہیں جس سے خُداوند نے اُنہیں بابرکت کِیا ہے۔
نجات دہندہ نے فرمایا، ”چُوں کہ تُم نے میرے اِن سب سے چھوٹے بھائِیوں میں سے کِسی ایک کے ساتھ یہ سلُوک کِیا، اِس لیے میرے ہی ساتھ کِیا۔“ یقیناً یہ نوجوان بالغِین اُن لوگوں کی نُمایندگی کرتے ہیں جنھیں نجات دہندہ اپنی بھَیڑیں قرار دیتا ہے، جو اُس کے دائیں ہاتھ ہوں گے، اور وہ اُس کی حُضُوری سے لُطف اَندوز ہونے کے اَہل ہوں گے۔
ہم ایک اَیسی کلِیسیا سے تعلق رکھتے ہیں جو پُوری دُنیا سے نُمایاں بھلائی کرتی ہے، نہ صِرف اپنے اَراکین، بلکہ اپنے پڑوسیوں کی زِندگیوں کو بھی برکت دیتی ہے۔ سَن 2024 میں، 6.6 مِلین گھنٹے رضاکارانہ خِدمات اَنجام دی گئیں۔ 1.45 بِلین اَمریکی ڈالر کے اِخراجات ہُوئے۔ 192 مُمالک اور عِلاقوں میں خِدمات اَنجام دی گئیں۔ کلِیسیا کے عالمی اِنسانی فلاحی اِقدامات میں پینے کا صاف پانی، حفظانِ صحت اور صفائی سُتھرائی کے منصُوبے، ہنگامی اِمداد، صحت کی دیکھ بھال، اور خوراک کے تحفُظ کے منصُوبے شامِل تھے۔ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام اور اِس کے اَرکان اپنی روشنی چمکا رہے ہیں تاکہ ہمارے آسمانی باپ کا جلال ظاہر ہو۔
جب کہ کلِیسیا اور ریلیف سوسائٹی بھُوکوں کو کھانا کھِلانے، پیاسوں کو پانی پِلانے، ننگوں کو کپڑے پہنانے، اور بیماروں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی عالمی رَسائی کو مُتاثر کُن کاوِشوں کو بڑھانے کے لیے اِستعمال کر سکتے ہیں اور کریں گے، سب سے اَہم اور بااَثر کام فرداً فرداً کِیا جاتا رہے گا۔
یِسُوع مسِیح کی تقلید کرنے کی کوشِش میں، ہم اپنے اِردگِرد کی فوری ضرُوریات کو پہچاننے اور محبّت کے ساتھ جواب دینے کے خواہاں ہیں۔ ہم اُس کے اَثاثوں کے دیانتدار نِگران بننے کی کاوِش کرتے ہیں—جس میں وہ صلاحیتیں اور مواقع شامِل ہیں جن سے ہمیں نوازا گیا ہے، تمام تر شان و شوکت کے ساتھ زمین، اور وہ لوگ جو ہمارے اَثر و رُسُوخ کے دائرے میں آتے ہیں۔
عہد نامہِ عتیق کے نعمان کی طرح، آپ شاید کسی ”بڑے کام“ کے بتائے جانے کا اِنتظار کر رہے ہوں گے—یہ سوچ رہے ہوں گے کہ آپ اپنے عالمی پڑوسی کی دیکھ بھال کے لیے اَفریقہ کے دُور دراز حِصّے یا سمُندر کے کسی جزیرے تک کیسے پُہنچیں گے۔
بہنو اور بھائیو، مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں کہ آپ اپنی نعمتوں اور صلاحیتوں کو اپنی نِگرانی کے دائرے میں چند معمُولی اور سادہ کام کرنے کے لیے اِستعمال کریں۔ آپ جہاں کہیں بھی رہتے ہیں، غِذائی قِلت کے شِکار بچّے موجُود ہیں۔ آپ جہاں کہیں بھی رہتے ہیں، اَیسے لوگ موجُود ہیں جو پڑھ نہیں سکتے۔ آپ جہاں کہیں بھی رہتے ہیں، صحت کی دیکھ بھال تک رَسائی میں رُکاوٹیں موجُود ہیں۔ آپ جہاں کہیں بھی رہتے ہیں، اَیسے لوگ موجُود ہیں جو بھُوکے، پیاسے، ننگے، بیمار، اور قید میں ہیں، چاہے وہ جِسمانی طور پر ہوں یا علامتی طور پر۔
دوستو، ہمیں آپ کی ضرُورت ہے! مُجھے اُمِّید ہے کہ آپ خُلوصِ دِل سے مُکاشفہ حاصِل کرنے کے مُشتاق ہوں گے اور اپنی نعمتوں اور صلاحیتوں کو اِستعمال کرتے ہُوئے تخلیقی حَل تلاش کریں گے تاکہ تمام خُدا کے بچّوں کے مُستقبل کو فیض یاب کِیا جا سکے۔ یقیناً یہ آپ کی اِلہٰی نِگرانی کا حِصّہ ہے۔
[ویڈیو (سب ٹائٹلز)]
”کائنات بُہت وسیع ہے۔ کھَربوں کہکشائیں جن میں اَربوں سِتارے، زمینیں، پانی، پَودے، اور جانور ہیں۔ اور پھر بھی … خُدا اپنی تمام مخلُوقات کو نام بنام جانتا اور اُن سے محبّت کرتا ہے۔ آپ سمیت۔“
[ویڈیو کا اِختتام]
مَیں ایک ذاتی کہانی کے ساتھ اِختتام کرُوں گی، جو میری ایک عزیز دوست لِڈیا کے بارے میں ہے، جس نے آج شام اِفتتاحی دُعا کی۔ میری لِڈیا سے اُس وقت جان پہچان ہُوئی جب وہ کئی سال قبل ریلیف سوسائٹی کی عِمارت میں خِدمت گُزار مِشنری کے طور پر خِدمات اَنجام دے رہی تھی۔ لِڈیا ہمیشہ جامنی رنگ پہنتی ہے کیوں کہ پَولُس کی پہلی تبدیل ہونے والی خاتُون لِڈیا تھی، جو جامنی کپڑے بیچتی تھی۔
لِڈیا کو صِرف چار سال کی عُمر میں جوڑوں کے دَرد کی تشخیص ہُوئی تھی۔ اور اگرچہ وہ ہر روز دَرد میں مُبتلا رہتی ہے، مگر وہ خُوش دِلی سے یِسُوع مسِیح کی طرف اپنی تبدیلی کی روشنی کو چمکنے دیتی ہے۔ اگر کوئی نیک، پیاری، یا اچھی خبر یا قابلِ ستایش چیز ہے—تو لِڈیا اِن سب چیزوں کی عکاسی کرتی ہے!
اِس تفویض کے حِصّے کے طور پر آپ سب سے بات کرنے کے لیے، مُجھے اُن لوگوں کو مُنتخب کرنے کی دعوت دی گئی تھی جو آج رات دُعا کریں گے۔ میرے ذہن میں فوراً لِڈیا آئی۔ اُس نے اپنا مِشن مُکمل کِیا، بی وائے یُو میں تعلیم شُروع کی، اور اُسے کالج آف نرسِنگ میں داخلہ مِل گیا۔ اور چُوں کہ وہ میری عزیز دوست ہے، اِس لیے ہمارا ایک دُوسرے سے رابطہ رہا ہے۔ مَیں لِڈیا سے پیار کرتی ہُوں۔
میرا کام تھا کہ مُیں اُسے دُعا کرنے کے لیے کہُوں، لیکن مَیں اَبھی تک کال کرنے کا وقت نہیں نِکال سکی۔ پھر 31 مارچ کو، مُجھے لِڈیا کا یہ ٹیکسٹ پیغام موصُول ہُوا:
”صُبح بخیر صدر جانسن!!!
”مَیں آپ سے بے پناہ پیار کرتی ہُوں!
”گُزشتہ رات آپ میرے خواب میں آئیں۔ مَیں نے جس بارے میں بات کرنی تھی اُس کے مُتعلق مَیں واقعی گھبراہٹ اور تناؤ محسُوس کر رہی تھی، اور آپ نے محسُوس کِیا۔ آپ نے اپنا بازُو میرے گِرد ڈالا، مُجھے اپنے [قریب] کھینچا آپ کا سَر میرے سَر کے پاس تھا اور آپ نے میرے کان میں سَرگوشی کی، ’ٹھیک ہے، لِڈیا[؛] آپ یہ کر سکتی ہو۔ بَس چھوٹے چھوٹے کام کرو۔‘ آپ کی نرم حوصلہ اَفزائی اور قدم بہ قدم چلنے کی یاد دِہانی بالکل وہی ہے جو آج مُجھے سُننے کی ضرُورت تھی۔ اور واہ! مُجھے واقعی صدر جانسن کی ایک جھپی کی کِتنی ضرُورت تھی! میرے خیال میں آسمانی باپ ہمیں بعض اوقات اَیسے لوگوں کے ذریعے چھوٹے چھوٹے پیغام بھیجتا ہے جنھیں ہم پیار کرتے ہیں اور جن پر ہم بھروسا کرتے ہیں جیسے کہ آپ۔
”مُجھے اُمِّید ہے کہ اِس ہفتے آپ فرِشتوں کو اپنے آپ کو اُٹھائے ہُوئے محسُوس کریں گی۔ یہ رہی آپ کے لیے ایک بڑی سی جپھی، عزیز دوست۔“
مَیں نے فوراً جواب میں پیغام بھیجا، ”مَیں بے تاب ہُوں آپ کو یہ بتانے کے لیے کہ آپ کو وہ خواب کیوں آیا تھا!“
مَیں نے اُس شام لِڈیا کو فون کِیا تاکہ پُوچھ سکُوں کہ کیا وہ اِس نوجوان بالغِین کی عالم گِیر عِبادت میں دُعا کرنے کے لیے تیار ہو گی! یقیناً، اُس نے ہاں کہا—اور پھر مُجھے وہ بتایا جو اُس نے اپنے ٹیکسٹ پیغام میں نہیں بتایا تھا۔ یہ ایک اَیسی تفصیل تھی جو اُسے اُس وقت غیر اَہم لگی جب اُس نے مُجھے پیغام لکھا۔ اپنے خواب میں، وہ ایک بڑے مجمع کے سامنے دُعا کرنے میں گھبراہٹ محسُوس کر رہی تھی۔
اوہ، خُداوند کی رحمتیں کِتنی نرم اور پیاری ہیں! مَیں نے لِڈیا سے دُعا کرنے کے لیے کہنے میں دیر کر دی تھی بغیر کسی معقُول وجہ کے—سِوائے اِس کے کہ لِڈیا کو اپنا خواب دیکھنے کی ضرُورت تھی۔ ایک یقین دِہانی کہ خُداوند اُس سے واقِف ہے اور چاہتا تھا کہ اُسے یہ موقع مِلے۔
ہاں، کائنات بُہت وسیع ہے۔ کھَربوں کہکشائیں۔ اَربوں سِتاروں کے ساتھ۔ زمینیں، پانی، پَودے، جانور جن پر اُس نے ہمیں نِگرانی سونپی ہے۔ اور خُدا اپنی تمام مخلُوقات کو نام بنام جانتا اور اُن سے محبّت کرتا ہے۔ آپ سمیت۔
نجات دہندہ نے اپنی فانی خِدمت کا آغاز یہ کہہ کر کِیا کہ اُسے بھیجا گیا تھا ”کہ غریبوں کو خُوشخبری سنائے، … قیدیوں کو رہائی دے، اور اَندھوں کو بینائی پانے کی خبر سُنائے، کُچلے ہُوؤں کو آزاد کرے۔“ اگر وہ اُس کا مقصد تھا اور ہم اُس کے شاگِرد ہیں، تو ہمارا مقصد بھی وہی ہے۔
آپ، میرے دوستو، مُنفرد طور پر تیار اور اُس کی مُعاونت کے لیے پہلے سے مُقرر کِیے گئے ہیں۔ آپ خُدا کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔ وہ آپ کو جانتا ہے۔ آپ اُس کے ساتھ ایک موعُودہ رِشتے میں ہیں۔ آپ کے واسطے اُس کا رحم دِل صبر کبھی ختم نہیں ہو گا۔ اور جب آپ اُس کے ساتھ باندھے گئے اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو آپ کو ”اُس کی شِفا بخش، مضبُوط کرنے والی قُوت“ عطا کی جائے گی۔ خُدا کی قُدرت آپ کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، اُن صلاحیتوں کو وسیع کرے گی جو آپ کو عطا کی گئی ہے، اور آپ کو بھُوکوں، پیاسوں، اَجنبیوں، اور بیماروں میں اُس کو دیکھنے میں مدد دے گی۔
اُس کے شاگِردوں کی حیثیت سے، آئیں ہم اُس کی آمدِ ثانی کے لیے خُود کو تیار کریں اور اُس چیز کی وفاداری اور عُمدگی سے نِگرانی کریں جس سے ہمیں نوازا گیا ہے۔ مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ جب آپ دُوسروں تک یِسُوع مسِیح کی راحت پُہنچاتے ہیں، تو آپ کو اُس میں اپنی راحت دریافت کرنے کی برکت مِلے گی۔
مَیں کامِل یقین رکھتی ہُوں کہ یِسُوع مسِیح زِندّہ ہے۔ وہ اپنے نبیوں، رویا بِینوں، اور مُکاشفہ بِینوں کے ذریعے اپنی کلِیسیا کی راہبری فرماتا ہے۔ مُجھے یقین ہے کہ رسل ایم نیلسن آج زمین پر اُس کا طاقت ور ترجُمان ہے۔
ہمارے آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کا اَمر اور جلال یہ ہے کہ ہم اپنے گھر لوٹیں، تیار اور اَہل ہوں کہ اُن کی حُضُوری میں رہیں، جہاں کوئی بھُوکا، پیاسا، اَجنبی، بیمار، یا لنگڑا نہ ہو—کیوں کہ اُنھیں شِفا دی جا چُکی ہو گی اور وہ مُکمل طور پر ٹھیک ہو چُکے ہوں گے۔ آپ اُن کے اَہم ساتھی ہیں۔ مَیں آپ سے پیار کرتی ہُوں۔ وہ آپ سے پیار کرتے ہیں۔
ہمارے مُخلصی بخشنے والے، یِسُوع مسِیح کے مُقدس نام میں، آمین۔