7۔
رُسُوم اور عہُود آپ کو خُدا کی برکات تک رسائی فراہم کرتے ہیں
آپ کا آسمانی باپ آپ کو سِکھانے اور برکت دینے کا مُشتاق ہے۔ ایک طریقہ جس سے وہ یہ کام کرتا ہے وہ بپتِسما، اِستحکام، اور عِشائے ربّانی کی رُسُوم ہیں۔ اِس طرح کی رُسُوم کے ذریعے، ہم خُدا کے ساتھ عہد باندھتے، یا وعدہ کرتے ہیں۔ عہُود پر قائم رہنے سے آپ کی زِندگی میں خُدا کی قُدرت بڑھ جاتی ہے اور آپ کو اَبَدی زِندگی کے لیے تیار ہونے میں مدد مِلتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رُسُوم اور عہُود ہمارے لیے اَنمول ہیں—کیوں کہ وہ ہمارے آسمانی باپ اور ہمارے مُنّجی کے ساتھ ہمارے تعلق کو مضبُوط کرتے ہیں اور اُن کی مانِند بننے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔
اَبَدی سچّائیاں
رُسُوم آپ کو یِسُوع مسِیح کی طرف راغِب کرتی ہیں۔ رسم ایک مُقدّس تقریب ہے جس میں علامتی معنی ہیں جو یِسُوع مسِیح کی بابت سِکھاتے ہیں۔ مِثال کے طور پر، عِشائے ربّانی، محض روٹی اور پانی نہیں ہے۔ یہ ہمیں نجات دہندہ کی یاد دِلاتی ہے۔
عہُود خُدا کی محبّت، بھروسے، اور توقعات کی علامت ہیں۔ وہ خُدا کے ساتھ آپ کے تعلقات کو مضبوط تر درجے پر لے جاتے ہیں۔ عہد باندھنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ خُدا سے پیار کرتے ہیں اور اُس کے ساتھ پُرعزّم ہیں۔ آپ اُس پر بھروسا کر سکتے ہیں، اور وہ آپ پر بھروسا کر سکتا ہے۔ جب آپ اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں تو اِس گہرے عزّم کے ساتھ اُس کی قُدرت اور مدد تک زیادہ رسائی حاصِل ہوتی ہے۔
جب آپ بپتِسما لیتے اور اِستحکام پاتے ہیں اور جب آپ عِشائے ربّانی میں شِرکت کرتے ہیں تو آپ خُدا کے ساتھ عہُود باندھتے ہیں۔ جب آپ بپتِسما لیتے ہیں، تو آپ یِسُوع مسِیح کا نام اپنے اُوپر اَوڑھنے، اُس کی خِدمت کرنے، اور پُوری زِندگی اُس کے حُکموں کو ماننے کا وعدہ کرتے ہیں۔ عِشائے ربّانی کے دوران، آپ بھی اُسے ہمیشہ یاد رکھنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ یہ آپ کے وعدے ہیں۔ جب آپ اُن پر قائم رہنے کے لیے راضی ہوتے ہیں، تو خُدا آپ کو مُستقل ساتھی کے طور پر رُوحُ القُدس عطا کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔
دعوتیں
عِشائے ربّانی کو مُقدّس نعمت کی مانِند سمجھیں۔ عِشائے ربّانی کے دوران ایک مُقدّس تجربے کی تیاری کرکے یِسُوع مسِیح کے ساتھ اپنے عزّم کا اِظہار کریں۔ غور کریں کہ آپ اِس رسم کو اپنے ہفتہ کی رُوحانی شہ سُرخی بنانے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔
رُسُوم میں نجات دہندہ کو تلاش کریں۔ جب آپ کسی رسم کو دیکھتے یا شِرکت کرتے ہیں، تو اپنے آپ سے پُوچھیں، ”مَیں اِس سے یِسُوع مسِیح کے بارے میں کیا سیکھتا ہُوں؟“ یا ”یہ مُجھے اُس کے قریب کیسے لاتی ہے؟“ اِس بات پر توجہ دیں کہ رُوح آپ کو کیا سِکھاتا ہے۔
اپنے عہُود کو اپنے اَعمال کی راہ نُمائی کرنے دیں۔ جب آپ کوئی اِنتخاب کریں، تو خُدا کے ساتھ اپنے عہد کے تعلق کو یاد رکھیں۔ اُس کے ساتھ وفادار رہیں۔ خُود سے پُوچھیں: کیا یہ میرے عہُود کے ساتھ ہم آہنگ ہوتا ہے؟ مِثال کے طور پر، کیا مَیں دُوسروں کی خِدمت گُزاری کرتا ہُوں، اُن لوگوں کو تسلّی دیتا ہُوں جنھیں تسلّی کی ضرُورت ہے، اور مسِیح کے گواہ کے طور پر کھڑے ہوتے ہیں—ہر جگہ اور ہمیشہ؟
وعدہ کی گئی برکات
آپ آزمایشوں، گُناہوں، اور زِندگی کے اِمتحانوں پرغالب آنے کی قوت پا سکتے ہیں۔ عہُود باندھنا اور اُن پر قائم رہنا آپ کو خُدا کی قُدرت تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ اُس قُدرت کے ساتھ، آپ اِعتماد کے ساتھ کسی بھی چیز کا سامنا کر سکتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح آپ کی طاقت ہے!
آپ صاف اور مُعاف کِیے جا سکتے ہیں۔ اپنے بپتِسما کے عہُود پر قائم رہنے کے بدلے خُدا کے وعدے کا ایک حِصّہ یہ ہے کہ آپ کے گُناہ مُعاف کِیے جائیں گے۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ جب آپ توبہ کرتے ہیں اور خُدا کے ساتھ اپنے وعدوں پر قائم رہتے ہیں، تو وہ آپ کو مُعاف کرے گا اور بہتر بننے میں آپ کی مدد کرے گا۔
رُوحُ القُدس ہمیشہ آپ کے ساتھ رہ سکتا ہے۔ بپتِسما اور عِشائے ربّانی سے مُنسلک ایک اور وعدہ اُس کے رُوح کی مُستقل رفاقت اور فرِشتوں کی خِدمت گُزاری ہے۔ آپ کو اکیلے اپنی مُشکلات کا سامنا کرنے کی ضرُورت نہیں ہے۔ خُدا اپنے موعُودہ بچّوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرتا—آپ اِس بات پر بھروسا کر سکتے ہیں۔
آپ کو خُدا کے موعُودہ لوگوں کی حمایت حاصِل ہو سکتی ہے۔ آپ نجات دہندہ کی کلِیسیا میں موعُودہ لوگوں کی برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ ایک دُوسرے کو اُٹھاتے اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ آپ مِل کر ماتم کرتے اور مِل کر شادمان ہوتے ہیں۔ آپ ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھاتے ہیں۔ آپ کا خاندان، بِشپ، قائدین، اور دیگر کلِیسیائی اَرکان یہاں آپ کی مدد کرنے کے لیے ہیں، اور آپ اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔
سوالات اور جوابات
کیا مَیں رُسُوم اور عہُود کے بغیر یِسُوع مسِیح کا اچھا پیروکار بن سکتا ہُوں؟ بُہت سے اچھے لوگ ہیں جو خُلوصِ دِل سے یِسُوع مسِیح کی پیروی کرتے ہیں، اگرچہ اُنھوں نے کبھی بپتِسما نہیں پایا یا ہَیکل میں نہیں گئے۔ تاہم، آسمانی باپ چاہتا ہے کہ اُس کے تمام بچّے اُس کی رُسُوم پائیں اور اُس کے ساتھ عہُود باندھیں تاکہ وہ اُس کی مدد، رحم، اور طاقت تک زیادہ رسائی حاصِل کر سکیں۔ یہی بُنیادی وجُوہات میں سے ایک وجہ ہے کہ یِسُوع مسِیح نے اپنی کلِیسیا کو بحال کِیا! خُدا کے ہر بچّے کو—اِس زِندگی میں یا آنے والی زِندگی میں—اَبَدی زِندگی کے لیے دَرکار رُسُوم اور عہُود کو قبُول کرنے کا موقع حاصِل ہوگا۔
مَیں ہمیشہ اپنے عہُود سے وفادار نہیں رہا۔ کیا میرے لیے کوئی اُمید ہے؟ جی ہاں! یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل اُمید اور نئی شُروعات کی اِنجِیل ہے۔ اِسی لیے ہم ہر ہفتے عِشائے ربّانی لیتے ہیں۔ آسمانی باپ جانتا تھا کہ ہم غلطیاں کریں گے اور نئے سِرے سے آغاز کی ضرُورت پڑے گی۔ نجات دہندہ نے آپ کو واپس جانے کی راہ فراہم کرنے کے واسطے اپنی جان دے دی۔ جب آپ یِسُوع مسِیح پر اِیمان کی مشق کرتے اور توبہ کرتے ہیں، تو آپ دوبارہ خُدا کی قُدرت تک رسائی حاصِل کر سکتے ہیں۔
دیکھیں 1 کُرنتھیوں 11:23–26 (عِشائے ربّانی لینے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارہ پر اِیمان رکھتے ہیں)؛ مُضایاہ 18:10، 13 (بپتِسما کا عہد)؛ عقائد اور عہُود 13 (ہارُونی کہانت میں توبہ، بپتِسما، اور فرِشتوں کی خِدمت کی کُنجیاں شامِل ہیں)؛ 20:37 (بپتِسما کے لیے تقاضے)؛ 20:77، 79 (عِشائے ربّانی کی دُعائیں)۔
اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کے سوالات
-
کیا آپ گھر اور کلِیسیا میں، سبت کے دِن کو پاک ماننے کی کوشِش کرتے ہیں، اپنی عِبادات میں شریک ہوتے ہیں؛ عِشائے ربّانی کے لیے تیار ہوتے اور لائق طور پر شِرکت کرتے ہیں؛ اور اِنجِیل کے حُکموں اور قوانین کے مُطابق اپنی زِندگی بسر کرتے ہیں؟