”یِسُوع مسِیح: عیدِ قیامت المسِیح کی اُمید اور وعدہ،“ لیحونا، اپریل 2025۔
ماہانہ لیحونا پیغام، اپریل 2025
یِسُوع مسِیح: عیدِ قیامت المسِیح کی اُمید اور وعدہ
عید قیامت المسِیح کی اُمید اور وعدے کے وسیلے سے، یِسُوع مسِیح ہمارے دلوں کی آرزوؤں کو بھر دیتا ہے اور ہماری جانوں کے سوالوں کے جواب دیتا ہے۔
خاکہ کشی از مائیکل ڈنفورڈ
جب آپ یہ پیغام پڑھیں تو براہِ کرم ایک پرسُکون لمحہ اور رُوحانی جائے پناہ بنائیں۔
اکثر، ہماری دُنیا شور سے بھرپُور، دکھاوے اور غرور سے بھری ہوتی ہے لیکن جب ہم اپنے اور خُدا کے سامنے اپنا آپ اُنڈیلتے، ایماندار اور عاجز ہوتے ہیں، تو یِسُوع مسِیح میں عید قیامت المسِیح کی اُمید اور وعدہ حقیقی بن جاتے ہیں۔ ایسے لمحات میں، ہم التجا کرتے ہیں:
”میں اپنے خاندانی فرد، اپنے دوست، اور اپنے پیاروں کو دوبارہ کیسے دیکھ سکتا ہوں؟“
”ایک ایسی دنیا میں جہاں اکثر ’مَیں خود کو مُنتخب کرنے والے‘ رشتوں میں رہتا ہوں، مَیں خُدا کے ساتھ اَطمینان، اُمید اور ہم آہنگی کو کہاں سے تلاش کروں گا اور محسوس کروں گا (دیکھیں عقائد اور عہُود 107:19)، جو میرے ارد گرد ہیں، اور اپنے آپ سے؟“
”کیا کوئی ایسا ہے جس سے میں محبّت کر سکتا ہوں—اور جو واقعی مُجھ سے محبّت کرے گا؟ کیا عہد کے رشتے بڑھ سکتے اور قائم و دائم رہ سکتے ہیں، پریوں کی کہانی کی مانند نہیں بلکہ موت کے بندھنوں سے زیادہ مضبوط بندھنوں کے ساتھ، واقعی خُوش اور دائمی؟“
”جہاں بہت زیادہ دُکھ، تکلیف، اور ناانصافی ہے، مَیں یِسُوع مسِیح اور اس کی بحال شدہ اِنجیل اور کلِیسیا میں اِطمینان، ہم آہنگی اور فہم میں کیسے حصہ ڈال سکتا ہوں؟“
ایسٹر کے اِس تہوار پر، میں یِسُوع مسِیح اور اس کے وعدے اور اُمید کی اپنی گواہی دیتا ہوں۔
عہد سے تعلق اور مقصد کا وعدہ
خُدا، ہمارا ابدی آسمانی باپ؛ یِسُوع مسِیح، اس کا پیارا بیٹا؛ اور رُوحُ القُدس ذاتی طور پر ہمارے قریب ہے۔ اُن کی لامحدود اور ابدی روشنی، ہمدردی، اور نجات بخش محبّت تخلیق کے مقصد اور ہمارے وجود کے تانے بانے میں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں (دیکھیں ایلما 30:44؛ موسیٰ 6:62–63)۔
قبل از فانی آسمانی مجلس میں، ”جب صُبح کے سِتارے مِل کر گاتے تھے اور خُدا کے سب بیٹے [اور بیٹیاں] خُوشی سے للکارتے تھے“ (ایوب 38:7)۔ ہم نے چُننے كا انتخاب کیا۔ اب ہم ایمان سے چلتے ہیں۔ ہمارے اپنے تجربات کے ذریعے، ہم فانی زندگی کی غیر یقینی، مایوسیوں، اور چنوتیوں کے دوران خُدا کے وعدہ کی گئی خوبصورتی، وضاحت، خُوشی، اور مقصد کو پاتے ہیں۔
ہمارا وجود غیر یقینی صورتحال میں اکیلے گھومنا نہیں ہے۔ ہم آسمان کے ساتھ میل جول قائم کر سکتے ہیں، خاندان اور مُقدّسین کے گھر اور برادری میں ایمان اور تعلق قائم کر سکتے ہیں، اور خُدا کے احکامات کی رضاکارانہ اور پُرمسرت اطاعت کے ذریعے اپنی سب سے سچی، آزاد، سب سے زیادہ مُستند، خوش کن شخصیت بن سکتے ہیں۔ کفارہ—فرداً فرداً—یِسُوع مسِیح میں اور اُس کے ذریعے اِس عہد کے تعلق کو پورا کرتا ہے۔
یِسُوع مسِیح کی زندگی اور مِشن کی اُمید
ہر روز، ایسٹر کی اُمید اور وعدے میں وہ برکات اور تعلیمات شامل ہوتی ہیں جو یِسُوع مسِیح نے اپنی کامل فانی خدمت کے دوران میں بیان کی ہیں۔ ابتدا ہی سے متعین کیا گیا، یِسُوع مسِیح خُدا کا اکلوتا بیٹا پیدا ہوا تھا (دیکھیں یعقوب 4:5؛ ایلما 12:33–34؛ موسیٰ 5:7، 9)۔ وہ حِکمت اور قد و قامت میں اور خُدا کی اور اِنسان کی مقبُولیّت میں ترقّی کرتا گیا (دیکھیں لُوقا 2:52)۔ صرف اپنے باپ کی مرضی پوری کرنے کے خواہاں ہوتے ہوئے، یِسُوع مسِیح نے گناہوں کو معاف کیا، کمزوریوں کو شِفا بخشی، مُردوں کو زندہ کیا، اور بیماروں اور تنہاؤں کو تسلی دی۔
ایک دفعہ چالیس دن کا روزہ رکھنے کے بعد اُس نے کہا: ”خُداوند کا رُوح مُجھ پر ہے، اِس لِئے کہ اُس نے مُجھے غرِیبوں کو خُوشخبری دینے کے لِئے مَسح کِیا ہے، اُس نے مُجھے بھیجا ہے کہ قَیدِیوں کو رِہائی، اور اندھوں کو بِینائی پانے کی خبر سُناوُں، کُچلے ہُوؤں کو آزاد کرُوں (لُوقا 4:18؛ مزید دیکھیں یسعیاہ 61:1)۔
وہ ہم میں سے ہر ایک ہے۔
آخری فسح کے وقت، یِسُوع مسِیح نے اپنے شاگردوں کے پاؤں دھوئے (دیکھیں یُوحنّا 13:4–8)۔ پُرانے اور نئے دونوں جہانوں میں، ”زندگی کا پانی“ اور ”زندگی کی روٹی“ نے خود عِشائے ربانی کو تشکیل کیا۔ مُقدّس عِشائے ربانی کی رسم میں، ہم باپ سے دُعا کرتے ہیں اور ہم یِسُوع مسِیح کا نام اپنے اوپر لینے کا عہد کرتے ہیں، ہمیشہ اُسے یاد رکھتے ہیں، اور اُس کے حکموں پر عمل کرتے ہیں، تاکہ اُس کا رُوح ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے (دیکھیں لُوقا 22:19–20؛ 3 نیفی 18:7، 10–11)۔
گتسمنی کے باغ میں، یِسُوع نے انسان کی برداشت سے کہیں زیادہ بڑھ کر دُکھ اٹھائے تاکہ ہمیں نجات دے اور ہمارے لیے کفارہ دے۔ اُس کے ہر مسام سے خون بہہ نکلا۔ اُس نے سب لوگوں کے درد کو برداشت کِیا، تاکہ تمام لوگ توبہ کریں اور اُس کے پاس آئیں (دیکھیں عقائد اور عہُود 18:11؛ 19:16)۔
اُسے دھوکا دیا گیا اور اُس پر جھوٹا الزام لگایا گیا، یِسُوع مسِیح کا تمسخَر اُڑایا گیا اور کانٹوں کا تاج اُس کے حلیم سر پر جَڑ دیا گیا (دیکھیں متّی 27:26، 29؛ مرقس 15:15، 17، 20، 31؛ لُوقا 22:63؛ یُوحنّا 19:1–2)۔ ”ہماری بدکرداری کے باعِث وہ کُچلا گیا … اُس کے مار کھانے سے ہم شِفا پاتے ہیں“ (یسعیاہ 53:5)۔ ہمیں اپنی طرف رُجُوع کرنے کے لیے وہ ”صلیب پر چڑھ“ گیا (دیکھیں 3 نیفی 27:14–15)۔ پھر بھی، صلیب پر، یِسُوع مسِیح نے معاف کر دیا (دیکھیں لُوقا 23:34))۔ اُس نے یُوحنّا کو اپنی ماں کی دیکھ بھال کرنے کو کہا (دیکھیں یُوحنّا 19:26–27))۔ اُس نے دُھتكارا ہُوا محسُوس کیا (دیکھیں متّی 27:46؛ مرقس 15:34))۔ کہ نوِشتہ پُورا ہو، اُس نے کہا مَیں پیاسا ہُوں (دیکھیں یُوحنّا 19:28)۔ جب سب تمام ہو گیا، تو اُس نے خُود اپنی ”رُوح خدا کے حوالہ كر دی“ (لوقا 23:46؛ مزید دیکھیں یُوحنّا 10:17–18)۔
یِسُوع مسِیح جانتا ہے کہ ہماری بیماریوں، کمزوریوں، اكیلے پن، تنہائیوں اور مشکلات میں کیسے ہماری دستگیری کرنی ہے (دیکھیں ایلما 7:12)۔ چند مُصیبتیں اکثر دوسروں کے انتخاب کے نتیجے میں آتی ہیں۔ وہ یہ بھی جانتا ہے کہ ہماری خوشیوں اور شُکر گزاری میں ہمارے ساتھ کس طرح خُوش ہونا ہے، جب ہماری خوشی پُوری ہو تو ہمارے ساتھ کیسے رونا ہے۔ شفقت سے، وہ ہمیں ہمارے نام سے، اپنی آواز سے پُكارتا، اپنے گلے میں بُلاتا ہے۔ وہ ہر ایک شخص کو ہر جگہ بُلاتا ہے۔ وہ ہمیں فانی زندگی کو ابدی تناظر سے دیکھنے اور سمجھنے کی دعوت دیتا ہے۔ جب ہم راستی سے چلتے اور اپنے عہود پر قائم رہتے ہیں، تو وہ وعدہ کرتا ہے کہ سب چیزیں مل کر ہماری بھلائی کے لیے کام کر سکتی ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود 90:24؛ رومیوں 8:28)۔
اُس کے وقت اور طریقے سے، بحالی حاصل ہوتی ہے—نہ صرف یہ کہ چیزیں کیسی تھیں بلکہ جو وہ کیا بن سکتی ہیں۔ در حقیقت، یِسُوع مسِیح ہمیں غلامی اور گناہ سے، موت اور جہنم سے آزاد کر سکتا ہے، اور ایمان اور توبہ کے ذریعے، ہماری الہٰی شناخت کو پورا کرنے میں ہماری مدد کرسکتا ہے جب ہم اُس سے کہیں زیادہ بن سکتے ہیں جس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
نِجات کا وعدہ
یِسُوع مسِیح کی بدولت، موت حتمی انجام نہیں ہے۔ ایسٹر پر ہم اعلان کرتے ہیں:
اپنے باپ کے حکم اور قُدرت کے وسیلے سے، یِسُوع اپنی جان دے سکتا ہے اور اُسے دوبارہ لے سکتا ہے (دیکھیں یُوحنّا 10:17)۔ جب اُس کا جسم قبر میں پڑا تھا، یِسُوع مسِیح نے ”موت کے بندھنوں سے اُن کی مُخلصی“ کا اعلان کرتے ہوئے، رُوحوں کی دُنیا میں خدمت کی اور اُسے مُنظّم کیا (عقائد اور عہُود 138:16)۔
تیسرے دن کی صُبح، وہ قبر میں سے جی اُٹھا۔ اُس نے مریم سے بات کی۔ وہ اِمّاؤس کی راہ پر، اپنے رسُولوں، اور دیگر دو شاگردوں پر ظاہر ہُوا۔ (دیكھیں متّی 28؛ مرقس 16؛ لُوقا 24؛ یُوحنّا 20۔)
گواہی کے طور پراُس نے اپنی شاگردوں کو دعوت دی کہ کشتی کی دوسری جانب جال ڈالیں؛ اس بار، اگرچہ پھر سے مچھلیوں سے بھرے ہوئے، جال نہیں ٹوٹے (دیکھیں یُوحنّا 21:6–11 ؛لُوقا 5:3–7)۔ اُس نے شاگردوں کو کھانا کھلایا اور پطرس سے تین بار اپنی بھیڑوں اور برّوں کو چَرانے کی التجا کی (دیکھیں یُوحنّا 21:12–17)۔ وہ آسمان پر چڑھ گیا، یہ اعلان کرتے ہوئے کہ اُس وقت اُس کے شاگرد اور اب ہم سب ایسٹر کی شاندار خبر اور اُس کی اِنجیل کو ہر قوم، خاندان اور لوگوں کے ساتھ بانٹیں (دیکھیں متّی 28:19–20؛ مرقس 16:15)۔
یِسُوع مسِیح ہمارا اچھا چرواہا اور خُدا کا برّہ ہے۔ اُس نے اپنی جان دے دی، اور اپنی بھیڑوں، کے لیے جان دیتا ہے۔ باغ میں اور صلیب پر، اُس نے ناقابل برداشت كو برداشت کیا اور ہمارے لئے کفارہ ادا کیا۔ وقت اور ابدیت کے لیے، وہ ہمیں اپنی مثال سے ظاہر کرتا ہے کہ کِس طرح ”موت ابدیت کی جانب راستے کو کھولتی ہے۔“
مسِیح کے کفارہ اور قیامت کی قدرت کی بدولت، ہمارے بدن اور رُوحیں جسمانی قیامت میں دوبارہ مِل جائیں گے۔ ہم جلالی ہو جائیں گے، صحیح صورت اور جسمانی ڈھانچے میں، عضو سے عضو تک تمام بحال کیا جائے گا۔ حتیٰ کہ ہمارے سروں کے بال بھی بحال ہو جائیں گے۔ ہم وقت کی بیماریوں، امراض، جسمانی حادثات اور ذہنی نااہلی سے آزاد ہوں گے۔ مسِیح کا کفارہ ہمیں ہر طرح کی روحانی جدائی اور روحانی موت پر قابو پانے میں برکت دے سکتا ہے۔ توبہ کی شرط پر، ہم ہر گُناہ اور غم سے آزاد ہو جاتے ہیں اور محّبت اور خُوشی کی ابدی معموری كے قابل ہوتے ہیں۔ خالص، صاف، آزاد، ہم اپنے سب سے زیادہ پسندیدہ خاندانی رشتوں میں خُدا ہمارے باپ اور یِسُوع مسِیح کی آسمانی حضوری میں واپس جا سکتے ہیں۔
ہم اپنے پیاروں کو پِھر سے دیکھیں گے۔ جب ہم اُن لوگوں کے ساتھ دوبارہ مل جائیں گے جِن سے ہم محبّت کرتے ہیں، تو ہم ایک دوسرے کو ابدی نقطہ نظر سے دیکھیں گے—زیادہ محبّت، تفہیم اور مہربانی کے ساتھ۔ یِسُوع مسِیح کا کفارہ ہمیں یہ یاد رکھنے میں مدد دے سکتا ہے کہ کیا اہم ہے اور جو اہم نہیں ہے اُسے بھول جائیں۔ اپنے نجات دہندہ اور رشتے کو زیادہ ایمان اور تشکر کے ساتھ دیکھنا اطمینان لاتا ہے، بوجھ ہلكا كرتا ہے، دِلوں کا ملاپ کراتا ہے، اور خاندانوں کو اِس جہاں میں اور اَبدیّت میں اِکٹھا کرتا ہے۔
فراوانی اور خُوشی کی اُمید
یِسُوع مسِیح میں ایسٹر میں آسمان کے دریچے کُھلنا، انگور کے پھلوں کی افراط و تفریق، اور زمینوں کا خُوش کُن ہونا شامِل ہیں۔ یِسُوع مسِیح میں ایسٹر میں بیواؤں اور یتیموں، بھوکے اور بے سہارا، اور اُن لوگوں کی تسلی اور دیکھ بھال شامل ہے جو خوف زدہ، بدسلوکی کا شِکار، یا معصومیت کی بدولت نقصان اٹھانے والی راہ میں پھنس جاتے ہیں۔ ہر ایک کو ذہن میں رکھتے ہوئے، یِسُوع مسِیح ہمیں محبّت اور ہمدردی کے ساتھ دیکھنے اور خِدمت کرنے کی دعوت دیتا ہے، جیسا کہ وہ کرتا تھا۔
تمام اچھی چیزوں میں، یِسُوع مسِیح بکثرت بحال کرتا ہے (دیکھیں یُوحنّا 10:10 ؛ایلما 40:20–24)۔ وہ وعدہ کرتا ہے کہ ”پَس زمِین مَعمُور ہے، اور اِس میں سب کے لیے کافی ہے اور کُچھ زائد بھی ہے“ (عقائد اور عہُود 104:17)۔ تمام چیزوں کی بحالی میں اُس کی اِنجیل کی معمُوری، اُس کے کہانتی اختیار اور قُدرت، اور اُس کی کلِیسیا میں پائی جانے والی مُقدّس رسُوم اور عہُود شامل ہیں، جو اُس کے نام سے کہلائی گئی ہیں، یعنی کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدسینِ آخِری ایّام۔
یِسُوع مسِیح میں ایسٹر میں خُداوند کے زیادہ مُقدّس گھر شامل ہیں جو بہت سی جگہوں پر خُدا کے بچّوں کے قریب تر ہیں، جو ہمارے دِلوں میں ”رہائی دینے والے کوہِ صِیُّون“ کی تعلیم لاتے ہیں (دیکھیں عبدیاہ 1:21)۔ خُداوند ہمارے لیے مُقّدس، بے لوث راہ مہیا کرتا ہے جس کی مرحوم پیاروں کو ضرورت ہے اور وہ ابدیت میں چاہتے ہیں جو وہ اپنے لئے خُود حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔
یہ میری اُمید، وعدہ، اور گواہی ہے۔ مَیں خُدا ہمارے باپ کی؛ ہماری منجی اور مخلصی دینے والے، یِسُوع مسِیح کی؛ اور رُوحُ القُدس کی گواہی دیتا ہوں۔ عیدِ قیامت المسِیح پر اور ہر روز، کاش ہم خُدا کے خُوشی کے الہٰی منصوبے میں ابدی اُمید اور وعدہ پائیں، اُس کے موعودہ راستے کے ساتھ جس کے باعث ہم فانیت سے لافانیت اور ابدی زندگی میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ ہر دن یِسُوع مسِیح کے کفارے کا یقین ہمارے بوجھ ہلكے كر سکتا ہے، دوسروں کو اُن کے غموں میں تسلی دے سکتا ہے، اور ہماری رُوحوں کو اُس کی پوری خوشی حاصل کرنے کے لئے آزاد کر سکتا ہے۔
عیدِ قیامت المسِیح کی اُمید اور وعدے کے وسیلے سے، یِسُوع مسِیح ہمارے دلوں کی آرزوؤں کو بھر دیتا ہے اور ہماری جانوں کے سوالوں کے جواب دیتا ہے۔
© 2025 by Intellectual Reserve, Inc. All rights reserved. یُو ایس اے میں چھپا۔ منظُوری برائے انگریزی: 19/6۔ منظُوری برائے ترجمہ: 19/6۔ ترجمہ برائے Monthly Liahona Message, April 2025. Urdu. 19612 434